برازیل میں اموات ایک لاکھ سے تجاوز کر گئیں
برازیل میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ ملک بھر میں اب تک 30 لاکھ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملکوں کی فہرست میں برازیل امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے جہاں ایک لاکھ 477 اموات اور 30 لاکھ 12 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ امریکہ میں کیسز کی تعداد 50 لاکھ سے زائد ہے۔
برازیل کے محکمۂ صحت کے مطابق اتوار کو ملک بھر میں 905 اموات اور 49 ہزار 970 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
پاکستان میں وبا سے 15 اموات، مزید 539 کیسز کی تصدیق
پاکستان میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 84 ہزار660 ہوگئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 539 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وبا سے مزید 15 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی کل تعداد 6097 ہو گئی ہے۔ حکام نے 776 مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں وبا سے متاثر ہونے والے دو لاکھ 60 ہزار 764 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
سندھ میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 23 ہزار 849 جب کہ پنجاب میں 94 ہزار سے زائد ہے۔
اسلام آباد میں متاثرین کی کل تعداد 15 ہزار 261 ہوگئی ہے جب کہ بلوچستان، خیبر پختونخوا میں یہ تعداد بالترتیب 11 ہزار 906 اور 34 ہزار 692 ہے۔
پنجاب میں ہر قسم کے کاروبار کھولنے اور مذہبی اجتماعات کی اجازت
پنجاب میں حکومت نے کرونا وائرس کے باعث کیے گئے لاک ڈاؤن میں عائد پابندیوں کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔ اسی طرح ایس او پیرز پر سختی سے عمل کرتے ہوئے تعلیمی اداروں اور شادی ہالز کے علاوہ ہر قسم کے کاروبار کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
پرائمری ہیلتھ کیئر ڈپارٹمنٹ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام مذہبی اجتماعات کے انعقاد کی بھی اجازت دے دی گئی ہے تاہم اس کی منظوری متعلقہ انتظامیہ سے مشروط ہے۔
کرونا وائرس پھیلنے سے پہلے اوقات کار اور ہفتہ وار چھٹیاں بحال کر دی گئی ہیں لیکن یہ بھی حکومت کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائنز پر عمل درآمد سے مشروط ہوں گی۔
پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی ایس او پیز اور جاری کردہ گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کرنا ضروری ہوگا۔
بھارت کے سابق صدر پرناب مکھرجی کا کرونا ٹیسٹ مثبت