بھارت میں ریکارڈ ایک ہزار سے زیادہ اموات
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے ایک ہزار سات مریض دم توڑ گئے ہیں۔ ایک روز کے دوران بھارت میں ہلاکتوں کی یہ ریکارڈ تعداد ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی کل تعداد 44 ہزار 386 تک پہنچ گئی ہے۔
بھارت میں مزید 62 ہزار 64 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ پیر کو مسلسل چھٹے روز بھارت میں کسی بھی ملک کے مقابلے میں سامنے آنے والے کیسز کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔
بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز کی کل تعداد 22 لاکھ 15 ہزار 74 ہو گئی ہے۔ حکام کے مطابق 15 لاکھ 35 ہزار سے زیادہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ ایکٹو کیسز کی تعداد چھ لاکھ 34 ہزار 945 ہے۔
- By ضیاء الرحمن
واہگہ سرحد ایک دن کے لیے خصوصی طور پر کھول دی گئی
حکومتِ پاکستان نے بھارت کے ساتھ سرحد واہگہ کو بھارتی شہریوں کی واپسی کے لیے ایک دن کے لیے خصوصی طور پر کھول دیا ہے۔
سرحد کھلنے سے پاکستان میں مقیم 100 سے زائد شہری واہگہ کے راستے بھارت واپس جا سکیں گے۔
محکمۂ کسٹمز اور امیگریشن حکام کے مطابق واہگہ سرحد ایک روز کے لیے خصوصی طور پر کھولی گئی ہے تاکہ بھارتی شہری اپنے ملک واپس جا سکیں۔
حکام کے مطابق واہگہ سرحد بھارتی حکومت کی درخواست پر کھولی گئی ہے۔ جسے ایک روز بعد دوبارہ بند کر دیا جائے گا۔
کسٹمز حکام کے مطابق 118 بھارتی شہریوں کو 10 اگست کو واہگہ کے راستے واپس بھارت بھیجا جا رہا ہے۔ واپس جانے والوں میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔
افغانستان: کرونا وائرس کیسز کی تعداد 37 ہزار سے زائد
افغانستان کی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 'کووڈ 19' کے 56 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کرونا وائرس کے کیسز کی کل تعداد 37 ہزار 162 ہو گئی ہے۔
وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے اب تک 1328 ہلاکتیں بھی ہو چکی ہیں جب کہ 26 ہزار مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
انسانی بھلائی کے لیے اقوامِ متحدہ کے رابطہ کاری دفتر (او سی ایچ اے) کے مطابق افغانستان میں کووڈ 19 کے کیسز کی 10 فی صد تعداد طبی عملے پر مشتمل ہے جب کہ کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے اکثر افراد 40 سے 69 برس کی عمر کے تھے۔
افغانستان میں طبی اور ٹیسٹنگ کے سہولتوں کی کمی کے باعث خدشہ ہے کہ کیسز کی رپورٹ ہونے والی تعداد اصل تعداد سے کہیں کم ہو سکتی ہے۔ افغانستان میں کرونا سے سب سے زیادہ متاثرہ شہر کابل ہے۔ اس کے علاوہ ہرات، بلخ، ننگرہار اور قندھار بھی زیادہ متاثرہ مقامات میں شامل ہیں۔
پیرس میں عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار، جرمنی میں اسکول کھل گئے
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں عوامی مقامات پر ماسک پہننے کی پابندی ایک ماہ کے لیے دوبارہ نافذ کر دی ہے۔ اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 160 ڈالرز تک جرمانہ عائد کیا جائے گا اور تین مرتبہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو چھ ماہ کی قید بھگتنا ہو گی۔
ادھر جرمنی میں اسکول کھول دیے گئے ہیں اور حکام اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ اسکولوں میں طالب علموں اور تدریسی عملے کو کرونا وائرس سے کس طرح محفوظ رکھا جائے۔