سندھ میں کاروباری سرگرمیاں ہفتے میں چھ روز بحال کرنے کا نوٹی فکیشن جاری
حکومتِ سندھ نے صوبے بھر میں تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کو بحال کرنے، ہوٹلوں اور ریستورانوں میں ڈائن اِن، کیفے اور پارکس وغیرہ کھولنے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔
محکمۂ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق صوبے بھر میں اسپورٹس کلب، جِم خانے اور دیگر کھیلوں کی سرگرمیوں پر عائد پابندیوں کو ختم کر دیا گیا ہے۔ البتہ کھیلوں کے مقابلوں میں تماشائیوں کو شرکت کی اجازت نہیں ہو گی۔
اسی طرح صوبے بھر میں ہوٹلوں، ریستورانوں اور کیفے پر بیٹھ کر کھانے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔ پارک، کھیلوں کے میدان، بیوٹی پارلرز، اسپاز، سنیما، تھیٹرز، مزارات پر اجتماعات اور سیاحت کے شعبے کو کھولنے کا حکم نامہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ ان تمام شعبوں میں کرونا سے متعلق حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد ممکن بنایا جائے۔
وزارتِ داخلہ سندھ کے نوٹی فکیشن کے مطابق صوبے بھر میں تعلیمی ادارے، شادی ہال اور ایکسپو ہال 15 ستمبر کو کھولے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کے ترجمان نے ٹاسک فورس برائے کرونا کے اجلاس میں کیے جانے والے فیصلوں کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ ہوٹلوں اور ریستورانوں کو رات 10 بجے بند کرنا ہو گا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ہفتہ وار ایک چھٹی کے ساتھ صبح چھ بجے سے رات آٹھ بجے تک کاروباری مراکز کھلے رکھنے کی اجازت ہے جب کہ ہفتے کے دن رات نو بجے تک کاروبار کھلا کی اجازت دی گئی ہے۔ اس سے قبل یہ اجازت ہفتے میں پانچ روز شام سات بجے تک محدود تھی۔
بھارت میں 871 اموات، 53 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار 871 مریض دم توڑ گئے ہیں جب کہ ملک میں 53 ہزار 601 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
بھارت کی وزارتِ صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس کے سبب ہلاکتوں کی کل تعداد 45 ہزار 257 ہو گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں کرونا وائرس کے کل کیسز کی تعداد 22 لاکھ 68 ہزار 675 ہو گئی ہے۔ حکام کے مطابق 15 لاکھ 83 ہزار 489 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
برازیل میں کیسز کی تعداد 30 لاکھ سے تجاوز کر گئی
امریکہ کے بعد کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک برازیل میں پیر کو کرونا وائرس کے 22 ہزار 48 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں 703 مریض اس مہلک وبا سے ہلاک ہوئے۔
برازیل میں اب تک 30 لاکھ 57 ہزار 470 افراد میں ‘کووڈ 19’ کی تشخیص ہو چکی ہے۔ اس مہلک وبا سے ایک لاکھ ایک ہزار 752 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
میکسیکو میں چوبیس گھنٹوں میں 5 ہزار سے زائد نئے کیسز
لاطینی امریکہ کے ملک میکسیکو میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے پانچ ہزار 558 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
میکسیکو میں عالمی وبا کے شکار مزید 705 مریض دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد کرونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 53 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
امریکہ اور برازیل کے بعد 'کووڈ 19' سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک میکسیکو میں اب تک چار لاکھ 85 ہزار 836 مصدقہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔