پاکستان میں 15 اموات، 531 افراد میں وائرس کی تشخیص
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار 15 مریض ہلاک ہو گئے جب کہ ملک میں 531 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں عالمی وبا سے ہلاکتوں کی کل تعداد چھ ہزار 112 تک پہنچ گئی ہے۔
حکام کے مطابق پاکستان میں کیسز کی کل تعداد دو لاکھ 85 ہزار 183 ہے جن میں سے دو لاکھ 61 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان اب مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کی طرف جا رہا ہے: اسد عمر
پاکستان کے وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان نے بڑی حد تک کرونا وائرس پر قابو پا لیا ہے تاہم وہ ابھی یہ کہنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں کہ عالمی وبا پاکستان سے ختم ہو گئی ہے۔
اسد عمر نے اسلام آباد میں منگل کو پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ اس وقت 20 اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاؤن ہے۔ اب ہم 'مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن' کی طرف جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر بھی کہہ رہے ہیں کہ دنیا کو پاکستان سے سیکھنا چاہیے۔
متحدہ عرب امارات: کرونا وائرس کیسز 62 ہزار سے زائد، 56 ہزار مریض صحت یاب
متحدہ عرب امارات میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 179 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔ البتہ اس دوران عالمی وبا سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی ہے۔
سرکاری نیوز ایجنسی 'وام' کے مطابق پیر کو کرونا وائرس کے 58 ہزار 953 ٹیسٹ کیے گئے۔
متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے کل 62 ہزار 704 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 56 ہزار سے زائد لوگ صحت یاب ہو چکے ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں عالمی وبا سے ہونے والی اموات کی تعداد 357 ہے۔
خیبر پختونخوا: گزشتہ 24 گھنٹوں میں کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی
خیبر پختونخوا کے وزیرِ صحت تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس تیزی سے ختم ہو رہا ہے اور کئی ماہ بعد پیر کو پہلی بار کرونا سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی ہے۔
وزیر صحت کے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس وقت صوبے میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد ایک ہزار 833 ہے۔
اعداد و شمار بتاتے ہوئے صوبائی وزیرِ صحت نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں اب تک 34 ہزار 755 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ ایک ہزار 231 اموات بھی ہوئی ہیں۔
تیمور سلیم جھگڑا کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں اب تک 31 ہزار 691 افراد کرونا وائرس سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔