نیوزی لینڈ میں 102 روز بعد مقامی منتقلی کے کیسز رپورٹ
نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جسینڈا آرڈرن نے کہا ہے کہ آک لینڈ کے ایک علاقے میں کرونا کے چار ایسے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جنہیں وائرس مقامی طور پر منتقل ہوا ہے۔ نیوزی لینڈ میں مقامی منتقلی کے یہ کیسز 102 روز بعد رپورٹ ہوئے ہیں۔
جسینڈا آرڈرن کے مطابق آک لینڈ میں بدھ سے جمعے تک 'الرٹ لیول تھری' کر دیا جائے گا۔ یعنی اس دوران لوگوں کو گھروں میں رہنے کا کہا جائے گا جب کہ کاروباری مراکز اور بازار بند رہیں گے۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم نے کہا کہ اس دوران آک لینڈ میں لوگوں کے داخلے پر پابندی ہو گی۔ لیکن ان لوگوں کو جانے کی اجازت ہوگی جو آک لینڈ میں ہی مستقل رہائش رکھتے ہوں اور اپنے گھر جا رہے ہوں۔
لبنان میں ایک ہی روز ریکارڈ 300 کیسز رپورٹ
لبنان میں منگل کو کرونا وائرس کے ریکارڈ 300 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ سات افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
لبنان میں کرونا وبا کے باعث اب تک سات ہزار سے زائد کیسز جب کہ 87 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔
خیال رہے کہ لبنان کو گزشتہ ہفتے بیروت میں ہونے والے خوفناک دھماکے کے بعد پہلے ہی ہنگامی حالات کا سامنا ہے۔
دھماکے کے بعد ایک اندازے کے مطابق تین لاکھ کے لگ بھگ افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بڑی تعداد میں بے گھر افراد کی وجہ سے وائرس تیزی سے پھیل سکتا ہے۔