بھارت: کرونا وائرس کیسز کی یومیہ تعداد 67 ہزار تک پہنچ گئی
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے تقریباً 67 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ملک میں کووڈ 19 سے اموات کی مجموعی تعداد 47 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
'جانز ہوپکنز یونیورسٹی' کے اعداد و شمار کے مطابق بدھ کو کرونا وائرس کے 66 ہزار 999 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 24 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔
بھارت کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں امریکہ اور برازیل کے بعد تیسرے نمبر پر ہے۔ بھارت میں گزشتہ کئی دنوں سے 50 ہزار سے زائد یومیہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔
پاکستان میں 753 نئے کیسز، کرونا سے مزید 10 اموات
پاکستان میں بدھ کو 19 ہزار سے زائد کرونا ٹیسٹس کیے گئے جن میں سے 753 مثبت آئے ہیں۔ ملک میں مریضوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ 86 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
پاکستان میں کرونا کے 783 مریضوں کی حالت نازک ہے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے 10 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد عالمی وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 6139 ہو گئی ہے۔
امریکہ میں مریض 52 لاکھ کے قریب پہنچ گئے
امریکہ میں کرونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 52 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔
'جانز ہوپکنز یونیورسٹی' کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امریکہ میں کرونا وائرس کے مزید 55 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 51 لاکھ 97 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
امریکہ میں کرونا وائرس سے ایک لاکھ 66 ہزار ہلاکتیں بھی ہو چکی ہیں۔
برازیل میں 55 ہزار سے زائد نئے کیسز، اموات ایک لاکھ چار ہزار سے زیادہ
دنیا بھر میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملکوں کی فہرست میں برازیل دوسرے نمبر پر ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 55 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ملک میں 'کووڈ 19' کیسز کی مجموعی تعداد 31 لاکھ 64 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ اموات ایک لاکھ چار ہزار سے زائد ہو چکی ہیں۔