امریکہ: 24 گھنٹوں میں 1200 سے زائد افراد ہلاک، 56 ہزار نئے کیس رپورٹ
امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 56 ہزار 729 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق وبا سے 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 229 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔
دنیا بھر میں امریکہ عالمی وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ جہاں 52 لاکھ 85 ہزار سے زائد افراد کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تشخیص ہو چکی ہے۔
حکام نے اب تک وبا سے ایک لاکھ 67 ہزار 546 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
برازیل میں ہلاکتوں میں اضافہ
لاطینی امریکہ کے ملک برازیل میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سات ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔
برازیل میں اب تک وبا سے 33 لاکھ سے زائد افراد کے متاثر ہونے کی تشخیص ہو چکی ہے۔
برازیل میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کے 41 ہزار 576 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 709 افراد کی وبا کے باعث موت ہوئی ہے۔
برازیل، امریکہ کے بعد دنیا بھر میں کرونا وائرس سے سب سے متاثرہ ملک ہے۔
نیوزی لینڈ میں 13 نئے کیسز رپورٹ، آکلینڈ میں دوبارہ لاک ڈاؤن
نیوزی لینڈ میں کرونا وائرس کے 13 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے نئی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔
رپورٹ ہونے والے 13 کیسز میں سے 12 کیس آکلینڈ سے سامنے آئے ہیں۔ متاثرہ افراد نے حال ہی میں کوئی بیرونی سفر نہیں کیا۔
نیوزی لینڈ میں ایک ایسے بچے میں بھی کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ جو اگست کے اوائل میں افغانستان سے نیوزی لینڈ آیا تھا۔
دوسری طرف آکلینڈ میں کیسز سامنے آنے کے سبب شہر میں جمعے سے اگلے 12 روز تک دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کیا جا چکا ہے۔
عالمی وبا پھوٹنے کے بعد سے اب تک نیوزی لینڈ میں کرونا وائرس کے ایک ہزار 271 مصدقہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جن میں سے 49 کیسز مقامی منتقلی کے ہیں۔
نیوزی لینڈ میں اس وقت کرونا وائرس سے متاثرہ 61 مریض زیرِ علاج ہیں۔
فوجی افسر کرونا کا شکار، امریکہ اور جنوبی کوریا کی مشقیں دو دن کے لیے ملتوی
امریکہ اور جنوبی کوریا کی سالانہ مشترکہ فوجی مشقیں کرونا وائرس کے سبب دو دن کے لیے ملتوی کر دی گئی ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان اب یہ مشقیں اتوار کے بجائے منگل سے شروع ہوں گی۔
جنوبی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق مشترکہ فوجی مشقوں میں شرکت کرنے والے ایک فوجی افسر کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے اب ان مشقوں کا آغاز منگل سے ہوگا۔
خیال رہے کہ ان مشترکہ فوجی مشقوں کو شمالی کوریا انتہائی سنجیدگی سے دیکھتا ہے اور انہیں ‘جنگ کی آزمائشی مشقیں’ قرار دیتا ہے۔