پاکستان میں مزید سات اموات، 488 نئے کیسز رپورٹ
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار مزید سات مریض دم توڑ گئے ہیں جب کہ 488 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد 6175 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد دو لاکھ 89 ہزار سے زیادہ ہے اور دو لاکھ 69 ہزار سے زیادہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ وبا کے شکار 771 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
کرونا وائرس: نیوزی لینڈ میں عام انتخابات ایک ماہ کے لیے ملتوی
نیوزی لینڈ میں کرونا وائرس کی نئی لہر آنے کے بعد عام انتخابات ایک ماہ کے لیے ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
19 ستمبر کو ہونے والے انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان وزیراعظم جیسنڈرا آرڈرن نے پیر کو ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ التوا کی وجہ آکلینڈ میں دوسری مرتبہ نافذ کیا جانے والا لاک ڈاؤن ہے۔
نیوزی لینڈ میں کرونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران پیر کو 9 نئے کیسز سامنے آگئے جس کے بعد فعال کیسز کی تعداد 78 ہوگئی جب کہ ملک بھر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1280 تک پہنچ گئی ہے۔ اب تک 22 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
موجودہ صورت حال کے پیش نظر وزیراعظم نے انتخابات کے لیے نئی تاریخ کا اعلان کیا ہے۔ شیڈول کے مطابق اب انتخابات 17 اکتوبر کو ہوں گے۔
جیسنڈا آرڈرن پر حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے انتخابات ملتوی کرنے کا دباؤ تھا۔ ان جماعتوں کا کہنا تھا کہ آکلینڈ میں لاک ڈاؤن کے سبب انتخابی مہم نہیں چلائی جاسکتی۔ ساتھ ہی ان جماعتوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے انتخابی مہم کو وقت دینا پڑے گا۔
وزیراعظم نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ 17 اکتوبر تک تمام جماعتوں کو اپنی مہم چلانے کا بھرپور موقع مل جائے گا تاہم انہوں نے انتخابات میں 17 اکتوبر کے بعد مزید تاخیر سے انکار کر دیا۔
بھارت میں ہلاکتیں 50 ہزار سے تجاوز کر گئیں
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھںٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید 941 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں پیر کو مزید 57 ہزار سے زیادہ افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں کیسز کی کل تعداد 26 لاکھ 47 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
وزارتِ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ 19 لاکھ سے زیادہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ چھ لاکھ 76 ہزار سے زیادہ مریض اب بھی زیرِ علاج ہیں۔
اٹلی: نوجوان افراد میں کرونا پھیلنے پر نائٹ کلبس بند کرنے کا اعلان
اٹلی میں کووڈ-19 سے نوجوان افراد کی بڑی تعداد کے متاثر ہونے کے بعد حکام نے نائٹ کلبس بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پچھلے ہفتے نئے کیسز کی تعداد تین ہفتے پہلے رجسٹرڈ ہونے والے مریضوں کی تعداد سے دو گنا ہو گئی ہے۔ اس بار یہ مرض 40 سال سے کم عمر افراد کو نشانہ بنا رہا ہے۔
موجودہ صورتِ حال کے پیش نظر مرض پر قابو پانے کے لیے اٹلی میں قائم تمام ڈسکو کلبس بند کیے جارہے ہیں جب کہ رات کے اوقات میں ماسک پہننا بھی لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
نئے قواعد پر پیر سے عمل درآمد شروع ہو گا۔ ان قواعد کے تحت ان تمام افراد کے لیے شام چھ بجے سے صبح چھ بجے تک ماسک پہننا لازمی ہو گا جو نائٹ کلبس یا شراب خانوں کے قریب رہتے ہیں کیوں کہ رات کے اوقات میں یہاں خاصا رش رہتا ہے۔
اٹلی کی حکومت نے تمام تر تنقید کے باوجود اب تک نائٹ کلبس یا شراب خانے بند نہیں کیے تھے جس کے سبب یہاں آنے والے نوجوانوں نے نہ تو سماجی دوری کا خیال رکھا اور نہ ہی ماسک پہننا ضروری سمجھا۔
اٹلی میں کرونا وائرس کا پہلا کیس 21 فروری کو رپورٹ ہوا تھا تب سے اب تک وہاں اس مرض سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 35 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔