بھارت میں 55 ہزار نئے کیسز رپورٹ
بھارت میں منگل کو کرونا وائرس کے 55 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 27 لاکھ دو ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار 876 مریض دم توڑ گئے ہیں۔ اس طرح عالمی وبا سے بھارت میں مرنے والوں کی کل تعداد 51 ہزار 797 ہو گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ وبا سے اب تک 19 لاکھ 77 ہزار سے زیادہ مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
افریقہ میں ملیریا سے اموات میں اضافے کا خدشہ
ماہرینِ صحت خبردار کر رہے ہیں کہ کرونا وائرس کی وجہ سے صحت کی سہولتوں پر جو بوجھ پڑا ہے اس سے افریقہ میں تپِ دق، ملیریا اور ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں کی اموات میں اضافہ ہو سکتا ہے کیوں کہ انہیں علاج کی ضروری سہولتوں تک رسائی نہیں مل رہی۔ مزید دیکھیے اس رپورٹ میں
صدر ٹرمپ کا وائرس سے متعلق دعویٰ، نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم کی تنقید
نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نیوزی لینڈ میں کرونا وائرس کے دوبارہ شدت اختیار کرنے کے دعوے کو غلط قرار دیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق صدر ٹرمپ کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن نے بیان میں کہا ہے کہ سب دیکھ رہے ہیں کہ نیوزی لینڈ میں کرونا وائرس کے روزانہ 9 نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں جن کا امریکہ سے کوئی مقابلہ نہیں۔ کیوں کہ امریکہ میں کرونا مریضوں کی یومیہ سامنے آنی والی تعداد ہزاروں میں ہے۔ یہ واضح کرتا ہے کہ صدر ٹرمپ کا بیان قطعی طور پر غلط ہے۔
نیوزی لینڈ میں وائرس کا مقامی پھیلاؤ مکمل طور پر کنٹرول کر لیا گیا ہے اور دنیا بھر میں اسے نیوزی لینڈ کی بڑی کامیابی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
تاہم نیوزی لینڈ کے سب سے بڑے شہر آکلینڈ کے کچھ اضلاع میں کرونا کے کیسز سامنے آنے کے بعد شہر میں دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔
منی سوٹا میں پیر کو الیکشن ریلی سے خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ آپ دیکھ رہے ہیں نیوزی لینڈ میں کیا ہوا رہا ہے۔ یہ اخبار کے صفحہ اول کی خبر کی طرح تھا کہ انہوں نے کرونا کو شکست دے دی۔
نیوزی لینڈ میں کرونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ بہت خوف ناک ہے ہم ایسا نہیں چاہتے۔
پاکستان میں صرف 13 ہزار افراد زیرِ علاج، 93 فی صد صحت یاب
پاکستان میں کرونا وائرس کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 13633 ہے جب کہ مہلک وبا سے متاثرہ 93 فی صد سے زائد افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 2 لاکھ 90 ہزار کے قریب افراد وبا سے متاثر ہوئے جن میں سے 2 لاکھ 70 ہزار صحت یاب ہو چکے ہیں۔
حکام کے مطابق وائرس کے باعث 6190 افراد کی اموات ہوئیں۔ پاکستان میں وبا سے اموات کی شرح 2.1 فی صد ہے۔
پاکستان میں سب سے زیادہ کیسز ایک لاکھ 26 ہزار سندھ میں رپورٹ ہوئے، جب کہ سب سے زیادہ ہلاکتیں 2331 بھی سندھ میں ہی ہوئیں ہیں۔ صحت یاب ہونے والے سب سے زیادہ افراد کا تعلق بھی سندھ سے ہی ہے جن کی تعداد ایک لاکھ 19 ہزار ہے۔ صوبے میں اب صرف 4 ہزار کے لگ بھگ افراد زیرِ علاج ہیں۔
ملک کے آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں ساڑھے 95 ہزار کیسز سامنے آئے، جن میں سے 2185 افراد کو جان لیوا وائرس نے نگل لیا، جب کہ 89 ہزار کے قریب مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ صوبے میں اس وقت ساڑھے چار ہزار کے لگ بھگ افراد زیرِ علاج ہیں۔
خیبر پختونخوا میں 35 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جن میں 1239 اموات کی تصدیق کی گئی۔ حکام کے مطابق صوبے میں 32 ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ 1576 مریض ابھی زیرِ علاج ہیں۔
وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے 15 ہزار افراد کے وبا سے متاثر ہونے کی تصدیق کی جب کہ 175 افراد وائرس کے باعث ہلاک ہوئے۔ اعداد و شمار کے مطابق صحت یاب ہونے والوں کی تعداد ساڑھے 13 ہزار کے لگ بھگ ہے اور 1796 متاثرہ افراد ابھی زیرِ علاج ہیں۔
بلوچستان میں 12ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ 11ہزار افراد کے صحت یاب ہونے کی تصدیق کی گئی۔ صوبے میں وبا سے 138 افراد کی ہلاکت ہوئی۔ اس وقت صوبے میں 1030 افراد زیر علاج ہیں۔
گلگت بلتستان میں وائرس سے متاثر ہونے والے 2538 افراد میں سے 2172 صحت یاب ہو چکے ہیں۔ جب کہ 1030 اب بھی زیرِ علاج ہیں۔ حکام نے 61 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں کرونا وائرس کے 2199 کیسز سامنے آئے جن میں سے 2002 افراد تندرست ہو چکے ہیں جب کہ صرف 136 زیرِ علاج ہیں۔ حکام نے وائرس سے 61 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔