نیوزی لینڈ میں کرونا کے 5 نئے کیسز، سرحد پر مزید فوج تعینات کرنے کا فیصلہ
نیوزی لینڈ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا وائرس کے مزید پانچ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد حکومت نے ملکی سرحدوں پر قائم قرنطینہ مراکز میں تعینات فوجی اہلکاروں کی تعداد میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔
حکومت نے بدھ کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ کرونا وبا کی روک تھام کے لیے سرحدوں پر قائم قرنطینہ مراکز میں مزید 500 فوجی اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا جس کے بعد اہلکاروں کی مجموعی تعداد 1200 ہو جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ فوجیوں کی تعیناتی کا مقصد کرونا وائرس کے مرض پر قابو پانا ہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے 2000 کی دہائی کے اوائل میں بدامنی کے دوران قیام امن کی غرض سے فوجیوں کو سرحد پر تعینات کرنے کے بعد سے اب تک کا یہ سب سے بڑا فوجی دستہ ہے۔
جرمنی میں کرونا وائرس کے 1510 نئے کیسز کا اضافہ
جرمنی میں بدھ کو کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد میں مزید 1510 افراد کا اضافہ ہو گیا ہے۔
اس اضافے کے ساتھ ہی متاثرین کی مجموعی تعداد دو لاکھ 26 ہزار 914 ہو گئی ہے۔
رابرٹ کوچ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے بدھ کی صبح جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جرمنی میں کرونا وائرس سے اب تک نو ہزار 243 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں 613 نئے کیسز اور 11 اموات
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا وائرس کے 11 مریض دم توڑ گئے ہیں جب کہ 613 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
پاکستان میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی کل تعداد 6201 اور کیسز دو لاکھ 90 ہزار سے تجاوز کر گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ دو لاکھ 72 ہزار سے زیادہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ 743 کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔
کرونا وائرس: ایران میں ہلاکتوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر گئی
ایران میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے مریضوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
کرونا وائرس کے باعث مشرق وسطیٰ کے کسی بھی ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ اموات ایران میں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
ایران کی وزارتِ صحت کی ترجمان سیما سعادت لاری نے بدھ کو بتایا کہ ملک بھر میں کرونا کیسز کی تعداد تین لاکھ 50 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
ایران میں کرونا وائرس کا پہلا کیس فروری میں رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد سب سے زیادہ یومیہ کیسز جون اور ریکارڈ یومیہ اموات جولائی میں رپورٹ ہوئی تھیں۔