پاکستان میں وائرس سے مزید 10 افراد ہلاک، تعداد 6231 ہوگئی
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس سے مزید 10 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 6231 ہو گئی ہے۔
ملک میں 26 فروری کو کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جب کہ اس وبا سے پہلی ہلاکت 18 مارچ کو ہوئی تھی۔
ملک میں سب سے زیادہ کیسز جون میں سامنے آئے تھے جس میں گزشتہ ماہ کمی آئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 731 افراد انتہائی نگہداشت میں زیرِ علاج ہیں۔
ترکی: سیاحت بحال لیکن کرونا کیسز میں بھی اضافہ
ترکی کا شمار سیاحت کے لیے مقبول ترین ملکوں میں ہوتا ہے۔ ترک حکومت ملک میں سیاحت کی صنعت کو بچانے کے لیے معمول کی سرگرمیاں بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ مگر اس سے کرونا کے مریض بھی بڑھنے لگے ہیں۔ مزید دیکھیے اس رپورٹ میں
کرونا وائرس کی ویکسین کیسے کام کرے گی؟
کرونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے ویکسین کی تیاری کی کوششیں جاری ہیں۔ کسی بھی ویکسین کی منظوری بڑے پیمانے پر کامیاب تجربوں کے بعد دی جاتی ہے۔ اس وقت دنیا بھر میں کرونا سے بچاؤ کی کم از کم پانچ ویکسینز تجربات کے آخری مرحلے میں ہیں۔ یہ ویکسین انسانی جسم میں کیسے کام کرے گی؟ دیکھیے اس رپورٹ میں
بھارت میں ایک دن میں 10 لاکھ افراد کے ٹیسٹ کیے گئے
بھارت میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 30 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔ جب کہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 69 ہزار 878 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
بھارت کی وزارتِ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جمعے کے روز کرونا وائرس سے 945 اموات ہوئیں۔ جس کے بعد بھارت میں عالمی وبا سے ہلاکتوں کی تعداد 55 ہزار 794 ہو گئی ہے۔
اس وقت بھارت میں کرونا وائرس کے 6 لاکھ 97 ہزار 330 مریض زیر علاج ہیں، جب کہ 22 لاکھ سے زائد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
بھارت میں جمعے کے روز 10 لاکھ 23 ہزار 836 کرونا ٹیسٹ کیے گئے۔ جو کہ اب تک بھارت میں کسی ایک دن میں کیے جانے والے سب سے زیادہ ٹیسٹ ہیں۔