میکسیکو میں ہلاکتیں ساڑھے 59 ہزار سے بڑھ گئیں
لاطینی امریکہ کے ملک میکسیکو میں کرونا وائرس کے سبب ہلاکتوں کی تعداد 59 ہزار 610 تک پہنچ گئی ہے۔
میکسیکو میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5 ہزار 928 کرونا وائرس کے نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 49 ہزار 734 ہو گئی ہے۔
جمعے کو میکسیکو میں مزید 504 افراد کرونا وائرس کے باعث ہلاک ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی اصل تعداد، سرکاری اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔
جنوبی کوریا میں مزید 397 کیس رپورٹ
جنوبی کوریا میں اتوار کو مزید 397 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ مارچ کے بعد ملک میں رپورٹ ہونے والے یہ سب سے زیادہ کیسز ہیں، جمعے کو ملک میں 332 کیس رپورٹ ہوئے تھے۔
وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر حکام دوبارہ سماجی پابندیاں عائد کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ سول میں ایک چرچ اور دیگر مقامات پر لوگوں کے اکٹھے ہونے سے وائرس پھیل رہا ہے۔
نئے کیسز کے بعد جنوبی کوریا میں کیسز کی مجموعی تعداد 17399 جب کہ اب تک 309 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر وائرس کا پھیلاؤ ایسے ہی جاری رہا تو تیسرے درجے کی سماجی پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں جن میں اسکولوں اور بعض کاروباروں کی بندش شامل ہو سکتی ہے۔
ستمبر میں اسکول کھولنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں: برطانوی وزیر اعظم
برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ ستمبر میں اسکول کھولنے کے علاوہ اب کوئی آپشن نہیں ہے۔
رواں ماہ کے آغاز میں برطانوی وزیر اعظم نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ستمبر میں اسکول کھولنا سماجی، معاشی اور اخلاقی طور پر ناگزیر ہو چکا ہے۔
برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق بورس جانسن نے ستمبر میں اسکول کھولنے کے منصوبے پر عمل درآمد کے لیے رائے عامہ ہموار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
برطانیہ میں تین لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ 41 ہزار سے زائد افراد اس مہلک مرض کے ہاتھوں جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
بھارت میں کرونا کیس 30 لاکھ سے بڑھ گئے
امریکہ کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں کرونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 30 لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔
بھارت میں کرونا کے باعث ہونے والی اموات کی تعداد بھی 56 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
بھارت میں مزید 69 ہزار سے مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ وائرس سے صحت یاب ہونے والی کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
ادھر بھارت کے وزیر صحت ہرش وردھن نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت رواں سال کے اختتام تک کرونا وائرس کی ویکسین تیار کر لے گا۔
ہفتے کو اپنے ایک بیان میں ہرش وردھن کا کہنا تھا کہ کرونا کی ایک ویکسین آزمائش کے تیسرے مرحلے میں ہے۔ اُن کے بقول قوی اُمید ہے کہ رواں سال کے اختتام تک یہ دستیاب ہو جائے گی۔