رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

12:11 25.8.2020

ڈبلیو ایچ او کی بچوں کے ماسک پہننے کے لیے گائیڈ لائنز

دنیا کے کئی ملکوں میں اسکول کھولنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ ایسے میں عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بچوں کے ماسک پہننے سے متعلق گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔

ڈبلیو ایچ او اور یونیسیف نے کہا ہے کہ چھ برس سے کم عمر بچوں کو ماسک نہیں پہننا چاہیے اور وہ بچے جن کی عمریں چھ برس سے 11 برس تک کی ہیں انہیں ماسک پہننے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈبلیو ایچ او اور یونیسیف نے کہا ہے کہ محدود دستیاب شواہد کے مطابق کم عمر بچوں میں بالغوں کے مقابلے میں انفیکشن کا امکان کم ہوتا ہے۔ تاہم بچوں میں عمر کے لحاظ سے اس میں فرق بھی ہو سکتا ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق 12 برس سے زائد عمر کے بچوں کو بالغ تصور کیا جائے اور ان پر ماسک پہننا لازم ہے۔

ڈبلیو ایچ او اور یونیسیف نے تنبیہ کی ہے کہ ماسک دستیاب نہ ہونے کی صورت میں کسی بچے کو تعلیم سے نہیں روکا جا سکتا۔

12:21 25.8.2020

پاکستان میں نو اموات، 450 کیسز رپورٹ

پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار نو مریض دم توڑ گئے ہیں جب کہ 450 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں عالمی وبا سے اب تک 6255 افراد ہلاک اور دو لاکھ 93 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ دو لاکھ 78 ہزار سے زیادہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں اور اب بھی 672 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

14:04 25.8.2020

کیا مچھر کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتا ہے

Mosquitoes
Mosquitoes

ماہرین کا کہنا ہے کہ مچھر ملیریا اور بعض دیگر امراض کے پھیلاؤ کا سبب تو بنتے ہیں لیکن ان کے ذریعے کرونا وائرس نہیں پھیل سکتا۔

امریکہ کے وبائی امراض کے ادارے 'سی ڈی سی' کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے کوئی شواہد نہیں ملے کہ مچھر کرونا وائرس پھیلا سکتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس ایک شخص سے دوسرے میں اس وقت منتقل ہوتا ہے جب کوئی شخص بات چیت کر رہا ہو، کھانس رہا ہو یا وہ نزلے کا شکار ہو۔

عالمی ادارۂ صحت نے بھی کہا ہے کہ مچھر کے کاٹنے سے کرونا وائرس نہیں پھیلتا۔

21:43 25.8.2020

دنیا کے تیز ترین انسان یوسین بولٹ کا کرونا ٹیسٹ مثبت

دنیا کے تیز ترین انسان یوسین بولٹ کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو الگ تھلگ کر لیا ہے۔

جمیکا سے تعلق رکھنے والے یوسین بولٹ نے چند روز قبل ہی اپنی 34ویں سالگرہ منائی ہے جس کے لیے انہوں نے ایک بڑی پارٹی کا انعقاد کیا تھا۔ اس پارٹی میں چہرے پر ماسک پہننے یا سماجی دوری کی احتیاط کا بھی کوئی خیال نہیں رکھا گیا تھا۔

آٹھ مرتبہ اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والے یوسین بولٹ نے پیر کو سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں مداحوں کو بتایا تھا کہ انہوں نے اپنا کرونا ٹیسٹ کرایا ہے جس کے نتیجے کا انتظار ہے۔

پیر کی شب جمیکا کی وزارتِ صحت نے تصدیق کی کہ یوسین بولٹ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد یوسین بولٹ نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے اور ان کے مداحوں کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جارہا ہے جب کہ بعض افراد یوسین بولٹ میں وائرس کی تشخیص کو ان کی لاپرواہی کی وجہ قرار دے رہے ہیں۔

مزید پڑھیے

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG