پنجاب کے چھ شہروں کے مختلف علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ
پاکستان کے صوبے پنجاب کی حکومت نے چھ شہروں کے مختلف علاقوں میں کرونا کیسز کی روک تھام کے سلسلے میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے۔
محکمۂ صحت پنجاب نے لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، راولپنڈی اور اٹک کے مخصوص علاقوں کو بند کیا ہے۔
لاہور میں جوہر ٹاؤن، پی آئی اے سوسائٹی، بابر گلی، کلفٹن ٹاؤن، واحد روڈ، نشاط کالونی، سعید پارک، ابوبکر معصوم شاہ، منگل اسٹریٹ اور لاہوری گیٹ میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا ہے۔
محکمۂ صحت پنجاب کی فہرست کے مطابق گوجرانوالہ میں محلہ قدرت آباد، گلی شاہ سیلمان، چوہدری نصیر والی، فرید ٹاؤن اور محلہ علی پارک کو بند کیا گیا ہے۔
سیکرٹری صحت کے مطابق مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا مقصد کرونا کیسز والے علاقوں سے لوگوں کی آمدورفت کو محدود کرنا ہے۔
پاکستان میں 400 سے زیادہ نئے کیسز رپورٹ
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار مزید 12 مریض دم توڑ گئے ہیں جب کہ 400 سے زیادہ افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
بھارت میں کیسز کی تعداد 32 لاکھ سے تجاوز کر گئی
بھارت میں بدھ کو مسلسل آٹھویں روز کرونا وائرس کے 60 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد کووڈ-19 کے متاثرین کی مجموعی تعداد 32 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
وفاقی وزارتِ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1059 اموات ہوئیں جس کے بعد کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 59 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
کرونا وائرس سے متاثرہ ملکوں کی عالمی فہرست میں بھارت کا تیسرا نمبر ہے۔ امریکہ اور برازیل بدستور پہلے اور دوسرے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہیں۔
فرانس: نومبر میں کرونا وائرس کی دوسری لہر کا خدشہ
فرانس میں ماہِ نومبر میں کرونا وائرس کی دوسری لہر آنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
اس خدشے کا اظہار بدھ کو وبائی امور سے متعلق حکومت کو مشورہ دینے والی سائنسی کونسل کے سربراہ پروفیسر ژان فرانسوئس ڈیلفریسی نے 'فرانس ٹو' ٹیلی ویژن کو انٹرویو کے دوران کیا۔
اُن کے بقول وبائی مرض سے نمٹنے کے لیے مارسیلی شہر میں پابندیاں سخت کی جارہی ہیں۔
شہری حکام نے منگل کو رات گئے ایک بیان میں کہا تھا کہ ریستورانوں اور بارز کو مختصر وقت کے لیے کھولا جائے گا جب کہ 26 اگست سے 30 ستمبر تک تمام افراد کو لازمی طور پر ماسک پہننا ہو گا۔
فرانس دنیا کا ساتواں ملک ہے جہاں کووڈ 19 سے اب تک سب سے زیادہ ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
فرانسیسی وزارتِ صحت نے منگل کو تین ہزار سے زیادہ نئے کیسز کی تصدیق کی اور بتایا ہے کہ اس مرض سے اب تک 30 ہزار 544 اموات ہو چکی ہیں۔