پاکستان میں نو اموات، 450 کیسز رپورٹ
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار نو مریض دم توڑ گئے ہیں جب کہ 450 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں عالمی وبا سے اب تک 6255 افراد ہلاک اور دو لاکھ 93 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ دو لاکھ 78 ہزار سے زیادہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں اور اب بھی 672 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
کیا مچھر کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتا ہے
ماہرین کا کہنا ہے کہ مچھر ملیریا اور بعض دیگر امراض کے پھیلاؤ کا سبب تو بنتے ہیں لیکن ان کے ذریعے کرونا وائرس نہیں پھیل سکتا۔
امریکہ کے وبائی امراض کے ادارے 'سی ڈی سی' کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے کوئی شواہد نہیں ملے کہ مچھر کرونا وائرس پھیلا سکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس ایک شخص سے دوسرے میں اس وقت منتقل ہوتا ہے جب کوئی شخص بات چیت کر رہا ہو، کھانس رہا ہو یا وہ نزلے کا شکار ہو۔
عالمی ادارۂ صحت نے بھی کہا ہے کہ مچھر کے کاٹنے سے کرونا وائرس نہیں پھیلتا۔
دنیا کے تیز ترین انسان یوسین بولٹ کا کرونا ٹیسٹ مثبت
دنیا کے تیز ترین انسان یوسین بولٹ کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو الگ تھلگ کر لیا ہے۔
جمیکا سے تعلق رکھنے والے یوسین بولٹ نے چند روز قبل ہی اپنی 34ویں سالگرہ منائی ہے جس کے لیے انہوں نے ایک بڑی پارٹی کا انعقاد کیا تھا۔ اس پارٹی میں چہرے پر ماسک پہننے یا سماجی دوری کی احتیاط کا بھی کوئی خیال نہیں رکھا گیا تھا۔
آٹھ مرتبہ اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والے یوسین بولٹ نے پیر کو سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں مداحوں کو بتایا تھا کہ انہوں نے اپنا کرونا ٹیسٹ کرایا ہے جس کے نتیجے کا انتظار ہے۔
پیر کی شب جمیکا کی وزارتِ صحت نے تصدیق کی کہ یوسین بولٹ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد یوسین بولٹ نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے اور ان کے مداحوں کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جارہا ہے جب کہ بعض افراد یوسین بولٹ میں وائرس کی تشخیص کو ان کی لاپرواہی کی وجہ قرار دے رہے ہیں۔
پنجاب کے چھ شہروں کے مختلف علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ
پاکستان کے صوبے پنجاب کی حکومت نے چھ شہروں کے مختلف علاقوں میں کرونا کیسز کی روک تھام کے سلسلے میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے۔
محکمۂ صحت پنجاب نے لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، راولپنڈی اور اٹک کے مخصوص علاقوں کو بند کیا ہے۔
لاہور میں جوہر ٹاؤن، پی آئی اے سوسائٹی، بابر گلی، کلفٹن ٹاؤن، واحد روڈ، نشاط کالونی، سعید پارک، ابوبکر معصوم شاہ، منگل اسٹریٹ اور لاہوری گیٹ میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا ہے۔
محکمۂ صحت پنجاب کی فہرست کے مطابق گوجرانوالہ میں محلہ قدرت آباد، گلی شاہ سیلمان، چوہدری نصیر والی، فرید ٹاؤن اور محلہ علی پارک کو بند کیا گیا ہے۔
سیکرٹری صحت کے مطابق مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا مقصد کرونا کیسز والے علاقوں سے لوگوں کی آمدورفت کو محدود کرنا ہے۔