وبا کے پھیلاؤ کا خدشہ: جنوبی کوریا کی پارلیمنٹ بند
جنوبی کوریا میں کرونا وائرس سے متاثرہ 400 سے زائد نئے کیسز سامنے آنے کے بعد پارلیمنٹ کو وائرس کے خدشات کے پیش نظر بند کر دیا گیا ہے۔ اراکینِ پارلیمنٹ بھی قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔
جمعرات کو 441 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے بیشتر کا تعلق دارالحکومت سیول سے ہے۔
جنوبی کوریا میں چھ ماہ بعد کرونا وائرس کے کیسز کی یہ بلند ترین شرح ہے۔
جنوبی کوریا کرونا وائرس پر قابو پانے سے پہلے بدترین صورتِ حال کا سامنا کر چکا ہے۔ گو کہ اسے اب بھی وبا کے خلاف جنگ میں خاصے مسائل کا سامنا ہے تاہم یہ مجموعی طور پر ابتدائی دنوں جیسی صورتِ حال نہیں ہے۔
بھارت میں یومیہ ریکارڈ 75 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 75 ہزار 760 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو ایک روز کے دوران کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
کرونا وائرس سے متاثرین کے حالیہ اضافے کے ساتھ ہی بھارت میں کیسز کی کل تعداد 33 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وبا کے شکار 1023 مریض ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 60 ہزار 472 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں چھ اموات، 445 نئے کیسز رپورٹ
امریکہ میں اموات کی تعداد ایک لاکھ 80 ہزار سے تجاوز کر گئی
امریکہ میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 80 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
جمعرات کو امریکہ کی متعدد وسطی ریاستوں آئیووا، منیسوٹا، نارتھ ڈکوٹا اور ساؤتھ ڈکوٹا میں وبائی مرض سے ایک دن کے دوران ہونے والی ہلاکتوں میں ریکارڈ اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب حکام نے اسکول کھلنے کے بعد اس تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
امریکہ میں اب تک 58 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ کرونا وائرس سے متاثرہ ملکوں کی فہرست میں اموات اور کیسز کے اعتبار سے امریکہ سرِفہرست ہے۔