بھارت میں کیسز کا نیا ریکارڈ
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 77 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ایک روز کے دوران رپورٹ ہونے والے یہ ریکارڈ کیسز ہیں۔
بھارت میں مسلسل دوسرے روز ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں۔ ملک بھر میں کیسز کی مجموعی تعداد 33 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
بھارت میں سات اگست کے بعد سے متاثرین کی یومیہ تعداد میں ہر روز اضافہ ہو رہا ہے اور اب تک 61 ہزار 529 مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔
کرونا سے خائف بھارتیوں نے نجومیوں سے رابطے بڑھا لیے
بھارت میں کرونا وائرس سے ڈرے ہوئے بہت سے افراد نے اپنی قسمت کا حال جاننے اور مستقبل سے آگاہی کے لیے نجومیوں کے پاس جانا شروع کر دیا ہے۔
ماہر فلکیات ہوں یا روحانی علاج کرنے والے، صوفی ہوں یا پھر قسمت کا حال بتانے والے ماہر نجوم یا جوتشی، سب کے پاس لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔
ستاروں کے ذریعے قسمت کا حال بتانے والے ایک نجومی سنجے شرما کا کہنا ہے کہ لوگ اپنے مستقبل سے ڈرے ہوئے ہیں، اس لیے وہ اپنی قسمت کا حال جاننے کے لیے ان کے پاس آتے ہیں۔
سنجے شرما کا کہنا ہے کہ لوگ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ کہیں وہ کرونا وائرس کا شکار تو نہیں ہو جائیں گے؟ اگر کرونا کی وبا مزید پھیلی تو ان کا کیا ہو گا؟ ملازمت برقرار رہے گی یا نہیں؟ نئی نوکری کب ملے گی؟
ان کے بقول لوگ اس بارے میں خوفزدہ ہیں کہ عالمی وبا کے دوران اُن کا کاروبار جاری رہے گا یا ختم ہو جائے گا؟ وبا کی وجہ سے جو کاروبار مندی کا شکار ہوا ہے، وہ دوبارہ کب پھلے پھولے گا؟ مالی بحران کب ختم ہو گا اور انہیں ذہنی آسودگی اور راحت کب میسر ہو گی۔
کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے لحاظ سے کون سا ملک کس نمبر پر ہے؟
انڈونیشیا میں مسلسل دوسرے روز ریکارڈ کیسز رپورٹ
انڈونیشیا میں جمعے کو مسلسل دوسرے روز کرونا وائرس کے ریکارڈ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
جمعرات کو انڈونیشیا میں 2700 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے جب کہ جمعے کو یہ تعداد بڑھ کر تین ہزار تک جا پہنچی جو اب تک ملک میں کووڈ 19 کے یومیہ کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
انڈونیشیا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے 105 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جس سے ملک میں اموات کی مجموعی تعداد سات ہزار 169 ہو گئی ہے۔
ملک میں کووڈ 19 کا شکار مریضوں کی کل تعداد ایک لاکھ 65 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔
جنوب مشرقی ایشیا کے خطے میں موجود ملکوں میں انڈونیشیا وہ ملک ہے جہاں سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں جب کہ فلپائن کے بعد کیسز کی تعداد کے حوالے سے بھی انڈونیشیا اس خطے میں دوسرے نمبر پر ہے۔