چین میں کرونا سے متعلق جرائم کے الزام میں ہزاروں افراد گرفتار
چین میں کرونا وائرس سے متعلق جرائم کے الزام میں ہزاروں افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے 'فرانس 24' کے مطابق چین میں پراسیکیوٹر جنرل کے دفتر سے جمعرات کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوری سے اب تک تقریباً 5800 افراد کو وائرس سے متعلق جرائم کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
پراسیکیوٹر جنرل کے دفتر کے مطابق ان افراد کو طبّی اہلکاروں کے قتل، غیر معیاری طبی سامان بیچنے اور ٹریول ہسٹری کے بارے میں جھوٹ بولنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
ایک ملزم ایسا بھی ہے جس پر الزام ہے کہ اس نے سپر مارکیٹ میں ایک شخص کو ماسک نہ پہننے پر اتنا پیٹا کہ اس کی جان چلی گئی۔
البتہ بیان میں یہ واضح نہیں ہے کہ کتنے لوگ اب بھی گرفتار ہیں اور کتنوں کو رہا کیا جا چکا ہے۔
جنوبی کوریا کے اسپتالوں میں بیڈز کم پڑنے لگے
جنوبی کوریا میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے۔ جمعے کی رات تک ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے مزید 308 سے زائد کیس رپورٹ ہوئے۔
وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے سول سمیت ملک کے کئی اسپتالوں میں گنجائش کم پڑنے لگی ہے۔ بعض اسپتالوں میں تشویش ناک مریضوں کے لیے بیڈز دستیاب نہیں ہیں۔
نئے کیسز کے بعد جنوبی کوریا میں مجموعی کیسز 19400 ہو گئے ہیں جب کہ وائرس کے باعث اب تک 321 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
چین کے شہر ووہان میں اسکولز کھولنے کا اعلان
چین کے شہر ووہان کے حکام نے منگل سے تمام کنڈر گارٹن اسکول کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں قائم 2800 سے زائد اسکول منگل سے کھول دیے جائیں گے جن میں 14 لاکھ سے زائد بچے زیرِ تعلیم ہیں۔
ووہان کی یونیورسٹی بھی پیر سے کھول دی گئی تھی۔ حکام نے طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ فیس ماسک کا استعمال یقینی بنائیں اور اسکول آنے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال نہ کریں۔
اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات کرے جب کہ بچوں کو بھی اس سے آگاہ کیا جائے۔
چین کے شہر میں ووہان جنوری کے آغاز میں شروع ہونے والی کرونا وبا کی وجہ سے 3869 افراد ہلاک ہو گئے تھے جو چین میں وائرس کی وجہ سے ہونے والی مجموعی ہلاکتوں کا 80 فی صد ہیں۔
بھارت میں مسلسل تیسرے روز 75 ہزار سے زائد کیس
بھارت میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 75 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں اس مہلک وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 34 لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔
بھارت کی وزارتِ صحت کی طرف سے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق جمعے کو کرونا سے ایک ہزار سے زائد اموات ہوئیں۔
بھارت میں اس وبا کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 62 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
بھارت میں اس مہلک وبا سے متاثرہ افراد میں سے 26 لاکھ سے زائد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ سات لاکھ 52 ہزار سے زائد مریض اس وقت زیر علاج ہیں۔