ہانگ کانگ: مفت ٹیسٹ کے لیے پانچ لاکھ افراد رجسٹر
ہانگ کانگ میں کرونا وائرس سے بچنے کے لیے سخت پابندیوں پر عمل درآمد کے باوجود متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس پر قابو پانے کے لیے حکام نے ایک نیا پروگرام ترتیب دیا ہے۔
پروگرام کے تحت ساڑھے سات لاکھ آبادی والے اس گنجان چینی شہر میں حکومت کی جانب سے کرونا وائرس ٹیسٹ کی آن لائن رجسٹریشن کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے جس کے تحت اب تک پانچ لاکھ سے زائد افراد خود کو رجسٹرڈ کرا چکے ہیں۔
حکام کے مطابق تمام شہری کرونا وائرس ٹیسٹ کسی بھی معاوضے کے بغیر کرا سکتے ہیں۔
منصوبے پر منگل سے عمل درآمد شروع ہو رہا ہے۔ ٹیسٹ کے لیے شہر بھر میں 80 مراکز قائم کیے ہیں۔
پاکستان میں چھ اموات اور 213 کیسز رپورٹ
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار چھ مریض دم توڑ گئے ہیں جب کہ 213 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں عالمی وبا کے شکار ہونے والے 6200 سے زیادہ مریض ہلاک اور دو لاکھ 95 ہزار سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ دو لاکھ 80 ہزار سے زیادہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں اور اب بھی 604 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
نیوزی لینڈ: آکلینڈ میں لاک ڈاؤن کا خاتمہ
نیوزی لینڈ کے سب سے بڑے شہر آکلینڈ میں لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد پیر کو تمام اسکول اور کاروباری مراکز کھول دیے گئے ہیں تاہم عوام کو پبلک ٹرانسپورٹ میں ماسک پہننا لازمی ہو گا۔
نیوزی لینڈ کووڈ 19 کی مقامی سطح پر منتقلی کو روکنے میں پہلے ہی کامیابی حاصل کر چکا تھا تاہم نئے کیسز سامنے آںے پر رواں ماہ کے شروع میں آکلینڈ میں ایک مرتبہ پھر لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا تھا۔
وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن نے اتوار کو آکلینڈ میں عائد پابندیوں کے خاتمے کا اعلان کیا۔ تاہم انہوں نے عوام کو ہدایت کی کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں وہ ماسک کا استعمال ضرور کریں۔
آسٹریلیا: پیر کا دن مہلک ترین ثابت
آسٹریلیا میں پیر کا دن کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے حوالے سے مہلک ترین ثابت ہوا ہے۔
آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 41 مریض ہلاک ہوئے جب کہ 73 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
آسٹریلیا کی دوسری سب سے بڑی ریاست وکٹوریہ میں 30 جون تک سب سے کم 67 کیسز سامنے آئے تھے تاہم کرونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران اس تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے۔