چیک ری پبلک میں احتیاطی اقدامات سخت
چیک ری پبلک کے دارالحکومت پراگ میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیشِ نظر لوگوں پر شاپنگ مالز اور دکانوں میں ماسک پہنے رکھنے کی پابندی عائد کی جا رہی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق جمعے کو حکام نے اعلان کیا ہے کہ نئی پابندیوں کے تحت پراگ میں بار اور کلب رات میں بند کیے جائیں گے۔ یہ پابندیاں نو ستمبر سے نافذ ہوں گی۔
پراگ کی چیف پبلک ہیلتھ افسر کے مطابق 14 ستمبر سے بچوں کے لیے بھی اسکولوں میں ہجوم کے مقامات پر ماسک پہننا لازم ہو گا۔
خیال رہے کہ چیک ری پبلک میں جمعرات کو کرونا وائرس کے ریکارڈ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن کی تعداد 680 تھی۔
چیک ری پبلک کی حکومت کے چار وزیر بشمول وزیرِ صحت، احتیاطی اقدامات کے تحت آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔
رابرٹ پیٹنسن کا کرونا ٹیسٹ مثبت، 'دی بیٹ مین' سیریز کی نئی فلم کی شوٹنگ معطل
برطانوی اداکار رابرٹ پیٹنسن کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد 'دی بیٹ مین' سیریز کی نئی فلم کی شوٹنگ روک دی گئی ہے۔
رابرٹ پیٹنسن کا کرونا میں مبتلا ہونا ہالی وڈ کی فلمی سرگرمیوں کی بحالی کی کوششوں کے لیے ایک دھچکہ تصور کیا جا رہا ہے۔
وارنر برادرز اسٹوڈیو کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 'دی بیٹ مین' پروڈکشن کے ایک رکن کا برطانیہ میں کرونا وائرس ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا ہے جس کے بعد فلم کی شوٹنگ عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔
بیان میں فلم کی دوبارہ شوٹنگ سے متعلق کوئی نئی تاریخ نہیں دی گئی اور یہ بھی نہیں بتایا گیا ہے کرونا میں مبتلا شخص کا نام کیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' نے 'ورائٹی'، 'دی ہالی وڈ رپورٹر' اور 'وینٹی فیئر' کے حوالے سے کہا ہے کہ جس شخص میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے وہ فلم کے ہیرو رابرٹ پیٹنسن ہیں۔
کرونا وائرس: میلاوی میں خوراک کی کمی، حکومت کی عوام کو چوہے کھانے کی ترغیب
افریقہ کے بعض ممالک میں جیسے جیسے کرونا وائرس پھیل رہا ہے۔ چوہوں کی مانگ بھی بڑھ رہی ہے۔
افریقی ملک میلاوی کے دو بڑے شہروں بلنتائر اور لی لانگ وے کو ملانے والی شاہراہ پر اکثر مقامات پر ٹین اور لکڑی کے اسٹال نظر آتے ہیں جہاں دہکتے کوئلوں پر چوہوں کے کباب تیار کیے جا رہے ہوتے ہیں۔
چوہے کا کباب 25 سینٹ سے ایک ڈالر تک مل جاتا ہے۔ قیمت کا انحصار اس کے سائز اور وزن پر ہے۔
میلاوی کی نصف سے زیادہ آبادی خطِ غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے۔ ان کی آمدنی بہت محدود ہے۔ وہ گوشت خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے جس کی وجہ سے وہ گوشت کی ضرورت چوہوں سے پوری کرتے ہیں۔
اب تو میلاوی کی حکومت بھی چوہے کھانے کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔
میلاوی کی وزارتِ صحت کے غذائیت سے متعلق ایک اعلیٰ عہدے دار سیلوستار کاتھمبا نے کہا ہے کہ چوہے پروٹین حاصل کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔
ان کے بقول کرونا وائرس کے دنوں میں اپنی صحت برقرار رکھنے کے لیے ان کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا چاہیے۔
محکمۂ صحت کے عہدے دار دیہاتوں میں جا کر چوہے پکڑنے اور کھانے کی ترغیب دے رہے ہیں۔ وہ انہیں کہہ رہے ہیں کہ چوہے صحت کے لیے ضروری اجزا حاصل کرنے کا قدرتی ذریعہ ہیں۔ انہیں پکڑنے پر کچھ خرچ بھی نہیں آتا۔ چوہے کھائیں اور کرونا کا مقابلہ کریں۔
میلاوی میں اب تک کرونا وائرس سے ساڑھے پانچ ہزار افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ جب کہ اموات کی تعداد 170 ہے۔ ماہرین کے مطابق ممکن ہے کہ کرونا متاثرین کی تعداد زیادہ ہو کیوں کہ اس غریب افریقی ملک میں وائرس کی ٹیسٹنگ کا مناسب انتظام نہیں ہے۔
پاکستان میں 24 گھنٹوں میں مزید 513 کیسز کا اضافہ، 285 افراد صحت یاب
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس کے مزید 513 مریض سامنے آئے ہیں.
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اب تک 2 لاکھ 98 ہزار سے زائد افراد کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان متاثرہ لوگوں میں سے 95 فی صد کے قریب یعنی 2 لاکھ 82 ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں 285 افراد کے صحت یاب ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
پاکستان میں دو ماہ قبل جون میں سب سے زیادہ یومیہ کیسز سامنے آتے رہے ہیں۔ 14 جون کو ملک میں 6825 افراد کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی تھی۔ جو کہ ایک دن میں سامنے آنے والے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد تھی۔
جون میں ملک میں یومیہ اوسطاََ چار ہزار سے زائد کیسز سامنے آتے رہے۔ اس کے بعد سے اس میں کمی آنا شروع ہوئی۔ گزشتہ ماہ کے آخر سے ملک میں یومیہ کیسز کی تعداد 400 سے 500 تک آ چکی ہے۔