کرونا وائرس میں خوبصورتی تلاش کرنے والی آرٹسٹ
ملیے ایک امریکی فن کارہ لورا اسپلین سے جنہیں کرونا وائرس میں بھی دلکشی کا پہلو نظر آتا ہے۔ لورا ایک عرصے سے وائرسز کی دنیا کے انوکھے اور حیران کن پہلوؤں کو آرٹ کے ذریعے پیش کر رہی ہیں۔ بائیولوجی اور آرٹ کا حسین اور منفرد امتزاج دیکھیے اس رپورٹ میں
آسٹریلیا: وکٹوریا میں لاک ڈاؤن کے باوجود وائرس کا پھیلاؤ جاری، مزید 11 ہلاکتیں
آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 76 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جب کہ 11 افراد وبائی مرض کے سبب ہلاک ہوئے ہیں۔
وکٹوریا کے دارالحکومت میلبرن میں لگ بھگ پانچ ہفتوں کے لاک ڈاؤن کے باوجود وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔
آسٹریلوی معیشت میں ایک چوتھائی حصہ ڈالنے والی ریاست وکٹوریا کے شہری مطالبہ کر رہے ہیں کہ وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے نافذ پابندیاں ختم کی جائیں۔ تاکہ معاشی سرگرمیاں شروع ہو سکیں۔
وکٹوریا کے پریمیئر ڈینیئل انیڈریوز کا کہنا ہے کہ وائرس صحت کا معاملہ ہے۔ جب تک اسے حل نہیں کیا جاتا معیشت میں بہتری نہیں آ سکتی۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد میں سے 75 فی صد کیسز یعنی 19479 وکٹوریا سے سامنے آئے ہیں۔ جب کہ 90 فی صد ہلاکتیں یعنی 661 اموات بھی وکٹوریا میں ہوئی ہیں۔
نیویارک کا میٹرو پولیٹن میوزیم آف آرٹ دوبارہ کھل گیا
نیویارک شہر میں قائم امریکہ کا 'میٹرو پولیٹن میوزیم آف آرٹ' چھ ماہ کی بندش کے بعد جب حال ہی میں کھلا تو لوگوں کی لمبی قطار میوزیم میں داخلے کی منتظر تھی۔ یہ عجائب گھر کرونا کی عالمی وبا کے باعث بند کرنا پڑا تھا۔ اس میوزیم کا دوبارہ کھلنا بہت سے لوگوں کے لیے معمولاتِ زندگی کی بحالی کی ایک علامت ہے۔
پاکستان میں مزید 5 اموات، ہلاکتیں 6340 ہو گئیں
پاکستان میں کرونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 6340 ہو گئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں 5 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں مئی کے آخر سے جولائی کے وسط تک یومیہ ہلاکتوں کی اوسط 50 سے زائد تھی۔
اگست میں پاکستان میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی شرح میں کمی آنا شروع ہوئی۔ اب یومیہ ہلاکتوں کی تعداد 5 سے 10 کے درمیان ہے۔
پاکستان میں یومیہ سب سے زیادہ ہلاکتیں 20 جون کو ہوئی تھیں، جن کی تعداد 153 ہے۔ جب کہ اس کے بعد 25 جون کو 148 لوگ کرونا کے باعث موت کا شکار ہوئے تھے۔