پاکستان میں 394 افراد میں وائرس کی تشخیص
پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز اور اموات میں کمی آ رہی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید تین مریض ہلاک اور 394 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کرونا کیسز کی تعداد دو لاکھ 98 ہزار سے زیادہ ہے جن میں سے دو لاکھ 86 ہزار سے زیادہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
حکام کے مطابق عالمی وبا سے پاکستان میں اب تک چھ ہزار 345 مریض ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 534 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پاکستان میں اب تک 27 لاکھ سے زیادہ ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
پاکستان میں تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کے شیڈول پر اتفاق
پاکستان کے تمام صوبوں کے وزرائے تعلیم نے 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کے شیڈول پر اتفاق کیا ہے۔
وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کی زیرِ صدارت پیر کو اسلام آباد میں تمام صوبوں کے وزرائے تعلیم کا مشترکہ اجلاس ہوا جس کے دوران کرونا وائرس کے باعث تعطل کے شکار تدریسی عمل کی دوبارہ بحالی سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔
وزرائے تعلیم کے اس اجلاس میں ملک بھر کے تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کے فیصلوں کے مطابق 15 ستمبر سے ملک بھر کی جامعات، کالجز اور نویں و دسویں جماعت کے طالب علموں کے لیے ہائی اسکولز کھولے جائیں گے۔
صورتِ حال کا جائزہ لینے کے بعد 22 ستمبر سے چھٹی سے آٹھویں جماعت کے طلبہ و طالبات کے لیے اسکول کھولے جائیں گے جب کہ نرسری سے کلاس پنجم تک کے طالب علم 30 ستمبر سے اسکول جاسکیں گے۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم عمران خان نے قومی رابطہ کمیٹی برائے کرونا وائرس (این سی او سی) کا اجلاس منگل کو بلا لیا ہے جو کہ تعلیمی اداروں کو کھولنے کے فیصلے کی حتمی منظوری دے گی۔
برطانیہ میں مئی کے بعد پہلی مرتبہ لگ بھگ تین ہزار کیسز
برطانیہ میں اتوار کو کرونا وائرس کے 2 ہزار 988 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ 23 مئی کے بعد سے برطانیہ میں کیسز کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران برطانیہ میں کرونا وائرس کے شکار دو مریض بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ یہ ہلاکتیں 28 دن کے وقفے کے بعد رونما ہوئی ہیں۔
برطانیہ میں اب تک ساڑھے تین لاکھ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
دنیا کو اگلے وبائی مرض کے لیے تیار رہنا چاہیے: عالمی ادارۂ صحت
عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ ٹیڈروس گیبراسس نے کہا ہے کہ دنیا کو اگلے وبائی مرض کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
جنیوا میں پریس بریفنگ کے دوران ٹیڈروس گیبراسس نے کہا کہ کرونا وائرس آخری وبائی مرض نہیں ہے۔ تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ وبائی امراض زندگی کی ایک حقیقت ہے اس لیے دنیا اگلے وبائی مرض سے بہتر طور پر نمٹنے کے لیے تیار رہے۔
انہوں نے دنیا بھر کے ممالک پر زور دیا کہ وہ صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔
دسمبر 2019 میں چین میں رپورٹ ہونے والے پہلے کرونا وائرس کیس کے بعد سے اب تک دنیا بھر میں کرونا وائرس سے دو کروڑ 27 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ آٹھ لاکھ 88 ہزار سے زیادہ مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔