پاکستان میں کیسز کی تعداد تین لاکھ سے تجاوز کر گئی
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 500 سے زیادہ افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد کرونا کیسز کی تعداد تین لاکھ 371 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس کے شکار مزید پانچ مریض دم توڑ گئے ہیں۔ ملک بھر میں عالمی وبا سے مرنے والوں کی کل تعداد 6370 تک پہنچ گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ عالمی وبا کا شکار ہونے والے دو لاکھ 88 ہزار سے زیادہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں اور اب بھی 535 افراد کی حالت نازک ہے۔
پاکستان میں 28 لاکھ سے زیادہ ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں اور جمعرات کو بھی لگ بھگ تیس ہزار افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
لاطینی امریکہ میں کیسز 80 لاکھ سے تجاوز کر گئے
لاطینی امریکہ کے ملکوں میں کرونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 80 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ اس خطے میں برازیل سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران اس خطے میں کرونا وائرس کے اوسطاً 67 ہزار سے زائد یومیہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو اس سے پہلے ہفتے کے اوسطاً یومیہ کیسز، 80 ہزار سے کم تعداد ہے۔
رائٹرز کے مطابق اگرچہ لاطینی امریکہ دنیا بھر میں کرونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا خطہ ہے لیکن حالیہ اعداد و شمار سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ کچھ ملکوں میں کیسز کی تعداد میں کمی آ رہی ہے۔
چین میں کرونا وائرس کے 15 نئے مریض
چین میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس کے 15 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ بدھ کو رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد سات تھی۔
چین کے قومی صحت کمیشن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جمعرات کو رپورٹ ہونے والے تمام کیسز بیرونِ ملک سے چین آنے والوں میں سامنے آئے ہیں جب کہ مقامی منتقلی کا کوئی بھی کیس گزشتہ 26 روز سے رپورٹ نہیں ہوا ہے۔
چین میں اس وبا کے آغاز سے لے کر اب تک 85 ہزار سے زائد کیسز سامنے آ چکے ہیں جب کہ ملک میں کووڈ 19 سے ہونے والی اموات کی تعداد 4634 ہے۔