رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

16:30 12.9.2020

برازیل میں مزید 874 اموات، مجموعی ہلاکتیں 30 ہزار سے متجاوز

لاطینی امریکہ کے ملک برازیل میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 43 ہزار 718 کیسز سامنے آئے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق برازیل میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 42 لاکھ 82 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

وزارتِ صحت کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کرونا وائرس کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 874 اموات ہوئی ہیں۔

ملک بھر میں وبا سے اب تک ایک لاکھ 30 ہزار 396 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

16:39 12.9.2020

امریکہ میں یومیہ اموات میں کمی

دنیا بھر میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ میں یومیہ ہلاکتوں کی تعداد میں کمی ہو رہی ہے۔ جب کہ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سردیوں میں اس وبا کے باعث ایک بار پھر ہلاکتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سردی کی شدت میں اضافے کے باعث لوگوں کے چار دیواری کے اندر زیادہ وقت گزارنے سے وبا کے پھیلاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

واشنگٹن یونیورسٹی کے پروفیسر علی موقداد کا کہنا ہے کہ جب تک کرونا ویکسین نہیں آ جاتی۔ ہمیں اپنے معمولاتِ زندگی بدلنا ہوں گے۔

خیال رہے کہ امریکہ میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 64 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ جب کہ ایک لاکھ 93 ہزار سے زائد افراد اس وبا کا نشانہ بن کر ہلاک ہو چکے ہیں۔

16:43 12.9.2020

میکسیکو میں ہلاکتیں 70 ہزار سے متجاوز

میکسیکو میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 534 اموات کے بعد کرونا وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 70 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

وزارتِ صحت کے حکام کے مطابق جمعے کو کرونا وائرس کے مزید 5 ہزار 935 کیسز سامنے آئے جس کے بعد میکسیکو میں متاثرہ افراد کی تعداد 6 لاکھ 58 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔

وبا کے باعث میکسیکو کی معیشت میں مزید 13 فی صد گراوٹ دیکھی جا رہی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق امریکہ،بھارت اور برازیل کے بعد میکسیکو کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ چوتھا ملک ہے۔

خیال رہے کہ میکسیکو میں ہونے والی ایک تحقیق میں کہا گیا تھا کہ رواں سال مارچ کے وسط سے اگست کے آغاز تک ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد اضافی اموات ہوئی ہیں۔

تحقیق میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ یہ لازمی نہیں کہ یہ اضافی اموات کرونا وائرس کے باعث ہی ہوئی ہوں۔

12:30 13.9.2020

فرانس میں پہلی بار 10 ہزار سے زائد کیس


فرانس میں کرونا وبا کے آغاز کے بعد پہلی بار ایک ہی روز 10 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت کے حکام نے ہفتے کو بتایا کہ ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 10 ہزار 561 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

ریکارڈ کیسز رپورٹ ہونے کے بعد حکام نے لاک ڈاؤن کے بجائے دیگر احتیاطی تدابیر اپنانے کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ رسک والے علاقوں میں ٹیسٹنگ کی استعداد بڑھانے کے علاوہ وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے دیگر ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

فرانس میں گزشتہ ہفتے اسپتال میں داخل ہونے والے مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ مزید 2432 مریض اسپتال لائے گئے تھے جب کہ 417 مریضوں کو انتہائی نگہداشت وارڈز میں رکھا گیا۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فرانس میں 17 ہلاکتوں کے بعد مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 30 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG