پاکستان میں چھ ماہ بعد تدریسی عمل بحال
پاکستان میں کرونا کیسز میں کمی کے بعد منگل سے تعلیمی اداروں کے مرحلہ وار کھلنے کا عمل شروع ہو گیا ہے۔
پہلے مرحلے میں منگل سے نویں سے بارہویں جماعت اور یونیورسٹی کی کلاسز میں تدریسی عمل بحال کیا گیا ہے جس کے بعد 23 ستمبر سے چھٹی سے آٹھویں جماعت اور پھر 30 ستمبر سے پرائمری اسکولوں میں پڑھائی شروع ہو گی۔
تعلیمی اداروں میں کرونا وائرس سے متعلق حکومتی اعلان کردہ حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسکولوں اور کالجز میں داخلے کے مقام پر طلبہ کے درمیان سماجی فاصلہ رکھنے کے لیے نشان بنائے گئے ہیں جب کہ بعض اسکولوں میں واک تھرو جراثیم کش گیٹ نصب کرنے کے علاوہ داخلی دروازے پر ہی طلبہ کے ہاتھوں کو سینیٹائز کیا گیا۔
درس گاہ کے اندر بھی طلبہ میں سماجی دوری کے لیے فاصلہ رکھا گیا ہے جب کہ حکام نے کلاسز میں طلبہ کو ماسک پہننے کی ہدایت کی ہے۔
بھارت میں کیسز کی تعداد 49 لاکھ سے تجاوز کر گئی
بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 49 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور اس وبا سے اب تک 80 ہزار سے زیادہ مریض ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔
بھارت کی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 83 ہزار سے زیادہ افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اور وبا کے شکار ہونے والے ایک ہزار 54 مریض بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق ملک بھر میں کرونا کا شکار ہونے والے 38 لاکھ سے زیادہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ لگ بھگ دس لاکھ مریض زیرِ علاج ہیں۔
بھارتی ریاست مہاراشٹرا سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں کیسز کی تعداد کسی بھی ریاست کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔
کرونا وائرس سے متاثرہ ملکوں کی فہرست میں بھارت دوسرے نمبر پر ہے۔