بھارت: کرونا کیسز 50 لاکھ کے قریب، 17 اراکینِ پارلیمنٹ بھی وائرس کا شکار
بھارت میں کم از کم 17 ممبرانِ پارلیمنٹ کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے جب کہ حکام نے تنبیہ کی ہے کہ ملک میں کرونا کیسز کی تعداد جلد 50 لاکھ کا ہندسہ عبور کر جائے گی۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق بھارت میں پیر کو چھ ماہ بعد پارلیمنٹ کھولنے سے قبل ممبران کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے تھے۔ حکام کے مطابق ان میں سے 17 اراکین میں کرونا وائرس پایا گیا ہے۔
ان 17 ممبرانِ پارلیمنٹ میں سے 12 حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں اور تمام 17 اراکین کا تعلق ایوانِ زیریں سے ہے۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ایوانِ بالا سے تعلق رکھنے والے اراکین میں سے کتنے افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
بھارت کے وفاقی وزیرِ صحت ہرش وردھن نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے حکومت وہ تمام اقدامات کر رہی ہے جو اس کے بس میں ہیں۔ ایوانِ بالا میں منگل کو خطاب کرتے ہوئے وزیرِ صحت کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی جنگ ختم ہونے میں ابھی کافی وقت لگے گا۔
خیال رہے کہ بھارت کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملکوں میں امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ بھارت میں کیسز کی تعداد 49 لاکھ 30 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جب کہ 80 ہزار سے زائد افراد اس مہلک وبا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔
اسلام آباد: طلبہ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر نجی کالج سیل
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے ایک میڈیکل کالج کے 16 طلبہ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اسے سیل کر دیا گیا ہے۔
قومی رابطہ کمیٹی برائے کرونا وائرس (این سی او سی) کے مطابق ٹارگٹڈ ٹیسٹنگ کے دوران اسلام آباد کے رفاہ میڈیکل کالج کے ہاسٹل میں 16 کرونا کیسز سامنے آنے کے بعد عوام کی حفاظت کے پیشِ نظر اسے سیل کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے میڈیکل کالج کو سیل کرنے کا باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
وائس آف امریکہ کو دستیاب نوٹی فکیشن کے مطابق وزارتِ صحت کی تجویز پر رفاہ میڈیکل کالج اور ہاسٹل کو تاحکم ثانی سیل کیا گیا ہے تاکہ وبا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
نوٹی فکیشن میں اسلام آباد پولیس سے کہا گیا ہے کہ وہ عوام کی حفاظت کے پیشِ نظر کالج اور ہاسٹل سے ملحقہ علاقوں کو سیل کرے۔
پشاور: ایک ہی سرکاری اسکول کے پانچ اساتذہ میں کرونا وائرس کی تصدیق
پشاور کے ایک ہی سرکاری اسکول کے پانچ اساتذہ میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ محکمۂ تعلیم کے مطابق اساتذہ کا تعلق گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول نمبر ایک، کینٹ سے ہے۔
محکمۂ تعلیم کا کہنا ہے کہ اساتذہ کے کرونا ٹیسٹ ایک ہفتہ قبل کرائے گئے تھے جن کے نتائج منگل کو موصول ہوئے ہیں۔ محکمۂ تعلیم کے مطابق کرونا وائرس سے متاثرہ کوئی بھی استاد طلبہ سے نہیں ملا تھا۔
محکمۂ تعلیم نے کہا ہے کہ ان اساتذہ کے دوبارہ بھی کرونا ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ تمام اساتذہ کے مرحلہ وار کرونا ٹیسٹ کے حوالے سے محکمۂ صحت سے بات ہو چکی ہے۔
بھارت میں کیسز 50 لاکھ سے زیادہ
بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 50 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق بدھ کو بھارت میں 'کووڈ 19' میں مبتلا 90 ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں کرونا کا شکار مریضوں کی مجموعی تعداد 50 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔
خیال رہے کہ امریکہ کے بعد بھارت وہ دوسرا ملک ہے جہاں کیسز کی تعداد 50 لاکھ سے زیادہ ہے۔
بھارت میں کرونا وائرس سے 82 ہزار سے زائد ہلاکتیں بھی ہو چکی ہیں جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 'کووڈ 19' کے شکار 1290 مریض ہلاک ہوئے ہیں۔