کرونا وائرس بھارت کی 351 جیلوں تک پہنچ گیا: رپورٹ
بھارت میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم 'نیشنل کیمپین اگینسٹ ٹارچر' نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ملک کی 1350 جیلوں میں سے 351 میں کرونا وائرس کے مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بھارت کی 36 ریاستوں میں سے 25 کی مختلف جیلوں میں کرونا وائرس کے مریض پائے گئے ہیں۔ بھارتی ریاست اترپردیش کی 35 جیلوں میں کرونا وائرس کے مریض پائے گئے ہیں۔
مدھیہ پردیش، مہاراشڑرا، اڑیسہ اور آندھرا پردیش میں بھی بالترتیب 34، 32، 31 اور 28 جیلوں میں کرونا کے مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں ایکٹو کیسز 5936 رہ گئے
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 665 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ 'کووڈ 19' میں مبتلا چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد تین لاکھ، تین ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ اموات چھ ہزار 300 سے زائد ہیں۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے 'ایکٹو کیسز' صرف پانچ ہزار 936 رہ گئے ہیں جب کہ دو لاکھ 90 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں 22 تعلیمی ادارے سیل
پاکستان میں کرونا وائرس کی احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد نہ کرنے والے 22 تعلیمی اداروں کو سیل کر دیا گیا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا کے 16، پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں پانچ اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک تعلیمی ادارے کو سیل کیا گیا ہے۔
این سی او سی کے مطابق تمام سیل کردہ تعلیمی ادارے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے تجویز کردہ ہدایات پر عمل درآمد میں ناکام رہے جس کے باعث اُنہیں سیل کیا گیا ہے۔
پاکستان میں مزید 500 سے زیادہ کیسز رپورٹ