اسٹریٹ اسکولز: 'کرونا کی وجہ سے ساری محنت رائیگاں گئی'
لاہور میں کئی سماجی کارکن اور رضا کار جھونپڑیوں اور کچی بستیوں میں رہنے والے بچوں کو تعلیم دے رہے ہیں۔ ان میں سے اکثر بچے سڑکوں پر بھیک مانگتے ہیں۔ کرونا کی وبا سے قبل وہ بہت سے بچوں کو پڑھائی کی طرف لا چکے تھے لیکن عالمی وبا نے ان کی تمام تر محنت پر پانی پھیر دیا ہے۔ تفصیلات ثمن خان کی اس رپورٹ میں
پاکستان میں ایک دن میں ریکارڈ 35 ہزار 720 ٹیسٹ
پاکستان میں حکام نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس کے متاثرہ افراد کی نشاندہی کے لیے 35 ہزار 720 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں مارچ کے آخر میں یومیہ ایک ہزار کے قریب ٹیسٹ کیے جا رہے تھے۔ حکومت نے ٹیسٹ کرنے کی استعداد میں اضافہ کیا ہے اور گزشتہ دو دن میں ریکارڈ ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 17 ستمبر کو 33 ہزار 865 ٹیسٹ کیے گئے تھے۔
ملک بھر میں اب تک 31 لاکھ 26 ہزار 380 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
قبل ازیں پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیسٹ جون کے وسط میں کیے گئے تھے جب 18 جون کو 31 ہزار 500 اور 20 جون کو 31 ہزار 681 ٹیسٹ کیے گئے۔
اس کے بعد ٹیسٹ کرنے کی تعداد میں کمی آئی اور یومیہ 20 ہزار سے 25 ہزار تک ہی ٹیسٹ کیے جا رہے تھے۔
بھارت: 92 ہزار سے زائد نئے کیس، ایک ہزار سے زائد ہلاکتیں
دنیا بھر میں امریکہ کے بعد کرونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک بھارت میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 92 ہزار 605 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اتوار کو کرونا وائرس کے باعث مزید ایک ہزار 133 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جس کے بعد اس وبا کے سبب ہلاکتوں کی تعداد 86 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق اس وبا سے اب تک بھارت میں 54 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق بھارت میں اس وبا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد لگ بھگ 80 فی صد ہے۔
برطانیہ: دوبارہ سماجی پابندیاں عائد کرنے پر لندن میں احتجاج
برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں کرونا وبا کے باعث ممکنہ پابندیوں کے خلاف ہفتے کو احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین کے مابین جھڑپیں ہوئیں۔ جھڑپوں کے بعد 32 مظاہرین کو حراست میں لیا گیا ہے۔
برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب دوبارہ پورے ملک میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے سے متعلق حکمت عملی تیار کر رہے ہیں۔
لندن کے ٹریفالگر اسکوائر پر ہفتے کو ایک ہزار کے لگ بھگ مظاہرین جمع ہو گئے اور ممکنہ پابندیوں کے خلاف احتجاج کیا۔
احتجاج کے دوران پولیس کی جانب سے مطاہرین کو پر امن طور پر منتشر ہونے کی اپیل کی گئی جس سے انکار پر پولیس نے کئی افراد کو حراست میں لے لیا۔
کرونا قواعد و ضوابط کے مطابق برطانیہ میں چھ سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی عائد ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانے کیے جائیں گے۔