بھارت میں مسلسل پانچویں روز 90 ہزار سے کم کیسز رپورٹ
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 86 ہزار 52 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ گزشتہ پانچ روز کے دوران کیسز میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔
بھارت میں پانچ روز قبل تک یومیہ کیسز کی تعداد 90 ہزار سے زیادہ رپورٹ ہو رہی تھی۔
وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں کیسز کی مجموعی تعداد 58 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ گزشتہ چوبیس گھںٹوں میں مزید 1141 اموات ہوئی ہے جس کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 92 ہزار 290 تک پہنچ چکی ہے۔
بھارت کی وزارتِ صحت کے مطابق ملک میں کرونا وائرس سے ریکوری کی اوسط 81 فی صد سے زائد ہے اور عالمی وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ پانچ ریاستوں میں مہاراشٹرا، آندھرا پردیس، تامل ناڈو، کرناٹکا اور اترپردیش ہیں جہاں 60 فی صد سے زائد کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
پاکستان میں کرونا سے سات اموات، 798 افراد میں وائرس کی تشخیص
کیا کرونا ویکسین لینے کے بعد بھی ماسک پہننے پڑیں گے؟
دنیا سے کرونا وائرس ختم ہونے کے فی الحال کوئی آثار دکھائی نہیں دے رہے اور جوں جوں وقت گزر رہا ہے، بہت سے لوگوں کے لیے سماجی فاصلہ اور دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا مشکل ہو رہا ہے۔ اس کیفیت کو ماہرین 'پینڈیمک فٹیگ' کا نام دے رہے ہیں۔ تفصیلات دیکھیے صبا شاہ خان کی اس رپورٹ میں۔
پاکستان میں ٹیسٹ کرنے کی استعداد میں مسلسل اضافہ
پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی نشان دہی کے لیے ٹیسٹ کرنے کی استعداد میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 40 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے۔ جس کے بعد مجموعی طور پر کیے گئے ٹیسٹس کی تعداد 33 لاکھ 84 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
پاکستان میں رواں ہفتے دوسری بار 40 ہزار سے زائد افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ تین روز قبل منگل کو ملک بھر میں 42 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے تھے جو کہ پاکستان میں ایک دن میں کیے جانے والے ٹیسٹس کی سب سے زیادہ تعداد تھی۔
رواں ماہ کے آغاز تک پاکستان میں یومیہ 20 ہزار سے 24 ہزار کے درمیان ٹیسٹ کیے جا رہے تھے تاہم اب مسلسل ٹیسٹ کی استعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔