رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

13:27 26.9.2020

فرینچ اوپن: ٹینس کورٹ میں صرف ایک ہزار شائقین کو آنے کی اجازت

فرانس کی حکومت نے اتوار کو شروع ہونے والے فرینچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں میچ دیکھنے کے لیے روزانہ صرف ایک ہزار شائقین کو ٹینس کورٹ میں جانے کی اجازت دی ہے۔

فرینچ اوپن کے منتظمین کو امید تھی کہ انہیں پانچ ہزار شائقین کے داخلے کی اجازت مل جائے گی۔ یہ ٹورنامنٹ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے چار ماہ کی تاخیر سے ہو رہا ہے۔

اس سے قبل 20 ہزار شائقین کی گنجائش والے ٹینس کورٹ میں ساڑھے 11 ہزار شائقین کے داخلے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اب حکومت کے اصرار پر یہ تعداد گھٹ کر صرف ایک ہزار تک محدود ہو گئی ہے۔

فرانس کے وزیرِ اعظم یان کاسٹیکس کا اصرار تھا کہ ٹورنامنٹ پر وہی قواعد اور ضوابط لاگو ہوں گے جو کرونا وائرس کے ریڈ زونز میں نافذ ہیں۔

مزید جانیے

13:29 26.9.2020

دنیا کے فربہ ترین شخص نے کرونا کو شکست دے دی

ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر اور پھیپھڑوں کے دائمی مرض میں مبتلا، 208 کلو وزنی شخص اگر کرونا وائرس جیسی مہلک وبا کو شکست دینے میں کامیاب ہو جائے تو بھلا اس سے بڑا کمال اور کیا ہو سکتا ہے۔

میکسیکو سے تعلق رکھنے والے اور دنیا کے سب وزنی اور فربہ 36 سالہ ہوآن پیڈرو فرانکو، جن کے پاس موٹاپے کا عالمی ریکارڈ بھی ہے، بالآخر کرونا وائرس کو پچھاڑنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

ہوآن پیڈرو فرانکو کا نام 33 سال کی عمر میں 2017 میں دنیا کے سب سے وزنی شخص کے طور پر گینز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں درج کیا گیا تھا۔

اس وقت ہوآن پیڈرو فرانکو کا وزن 595 کلو تھا۔ جب کہ اب ان کا وزن 208 کلو ہے۔ مبصرین وزن میں اس قدر کمی کو بھی ایک کمال قرار دے رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق کرونا وائرس کے ہاتھوں اپنی67 سالہ والدہ کو کھو دینے والے ہوآن پیڈرو فرانکو کا کہنا ہے کہ کرونا سے صحت یابی، کئی برس کی ڈائٹنگ، ورزش اور معدے کے حجم کو چھوٹا کرنے کے تین آپریشنز کے باعث ممکن ہوا ہے۔

مزید جانیے

13:34 26.9.2020

امریکہ: چار ریاستوں میں یومیہ ریکارڈ کیسز کا اضافہ

امریکہ کی چار ریاستوں میں جمعے کے روز ریکارڈ یومیہ کیسز رپورٹ کیے گئے جس کے بعد دنیا بھر میں اس وبا سے سب سے متاثرہ ملک امریکہ میں متاثرہ افراد کی تعداد 70 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

ریاست وسکانسن میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ جہاں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2629 افراد میں وبا کی تشخیص ہوئی۔

اس کے علاوہ امریکہ کی دیگر تین ریاستوں منی سوٹا، اوریگن اور یوٹا میں بھی کرونا وائرس کے مریضوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

ریاست وسکانسن کے گورنر کی طرف سے نئی ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے اور فیس ماسک پہننا بھی نومبر تک لازمی قرار دیا گیا ہے۔

امریکہ میں کرونا وائرس کے اوسطً یومیہ 44 ہزار نئے کیسز اور لگ بھگ 700 ہلاکتیں رپورٹ کی جا رہی ہیں۔

13:38 26.9.2020

بھارت میں یومیہ کیسز میں کمی، ہلاکتوں کی تعداد 93 ہزار سے متجاوز

امریکہ کے بعد کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک بھارت میں یومیہ کیسز کی تعداد میں کمی ہو رہی ہے۔

بھارت میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 85 ہزار 362 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔ ہفتے کے روز اس وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 59 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

وزارتِ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 89 اموات ہوئیں۔

بھارت میں اس مہلک وبا سے ہلاکتوں کی تعداد 93 ہزار 379 ہو گئی ہے۔

بھارت میں گزشتہ ہفتے کے دوران یومیہ رپورٹ کیے جانے والے کیسز کی تعداد میں لگ بھگ سات ہزار تک کی کمی ہوئی ہے۔

بھارت میں رواں ماہ یومیہ ریکارڈ کیسز 16 ستمبر کو رپورٹ کیے گئے تھے جو کہ 97 ہزار 894 تھے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG