یونان: پناہ گزینوں کے کیمپ میں کرونا وائرس سے پہلی ہلاکت
یونان میں کرونا وائرس سے پناہ گزین کیمپ میں مقیم ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ 68 سالہ افغانی پناہ گزین دو بچوں کا باپ تھا اور دارالحکومت ایتھینز کے شمال میں مالاکاسا مہاجر کیمپ میں رہائش پذیر تھا۔
کووڈ کی تشخیص کے بعد متاثرہ شخص ایتھینز کے اسپتال میں زیرِ علاج تھا۔
یونان میں رواں برس فروری میں کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا۔ تب سے اب تک متاثرہ افراد کی تعداد 17 ہزار 444 ہو گئی ہے۔
بھارت میں کرونا کیسز کی تعداد 60 لاکھ سے بڑھ گئی
بھارت میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 60 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
بھارت کی وزارتِ صحت کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 82 ہزار 170 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ کرونا کے شکار ایک ہزار 39 مریض دم توڑ گئے ہیں۔
بھارت میں کرونا سے ہلاکتوں کی کُل تعداد 95 ہزار 542 جا پہنچی ہے جب کہ 60 لاکھ 74 ہزار 702 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
کرونا سے ہلاکتیں 10 لاکھ تک پہنچنے پر عالمی ادارۂ صحت کا اظہارِ افسوس
عالمی ادارۂ صحت نے کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 10 لاکھ تک پہنچنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
عالمی ادارے کی ترجمان مارگریٹ ہیرس نے منگل کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ کووڈ 19 سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 10 لاکھ تک پہنچنا بہت دکھ کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے بہت سے مریضوں کی تنہائی میں موت ہوئی، ان کے پیارے انہیں آخری مرتبہ مل بھی نہیں سکے۔
ڈبلیو ایچ او کی ترجمان نے کہا کہ "بہت سارے لوگوں نے بہت سارے لوگوں کو کھو دیا اور انہیں آخری مرتبہ اپنے پیاروں سے ملنے اور خدا حافظ کہنے کا موقع بھی نہ ملا۔ کئی لوگوں کی موت تنہائی میں ہوئی۔"
مارگریٹ ہیرس نے کہا کہ کرونا وائرس کے بارے میں ایک چیز مثبت ہے، وہ یہ کہ اس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
ایران میں کیسز چار لاکھ 50 ہزار سے متجاوز
ایران میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد ساڑھے چار لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ایران کی وزارتِ صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید تین ہزار 600 سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد چار لاکھ 53 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
ایران میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 25 ہزار 986 تک پہنچ گئی ہے۔
مشرقِ وسطیٰ کے ملکوں میں ایران کرونا وائرس سے ہونے والی اموات کے لحاظ سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔