بھارت میں مزید 86 ہزار سے زیادہ افراد متاثر
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 86 ہزار 821 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کرونا وائرس کے متاثرین افراد کی مجموعی تعداد 63 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
بھارت کی وزارتِ صحت کے مطابق کرونا وائرس سے مزید ایک ہزار 181 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 98 ہزار 678 ہو گئی ہے۔
بھارت میں بدھ کو سنیما ہالز اور اسکول دوبارہ کھول دیے گئے ہیں۔ ملک کی امیر ترین ریاست مہاراشٹرا جہاں مالیاتی مرکز ممبئی واقع ہے، وہاں بھی تمام شراب خانے اور ہوٹلز مکمل طور پر کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
برطانیہ کے مختلف شہروں میں پابندیاں سخت
برطانیہ میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مختلف شہروں میں دوبارہ پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔
وزیرصحت میٹ ہینکوک نے جمعرات کو شمالی شہر لیورپول میں کرونا وائرس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر مزید سخت کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔
میٹ ہینکوک نے پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران کہا کہ وہ لیورپول سٹی ریجن، ویرنگٹن، ہیرٹل پول اور مڈلزبرو میں عائد پابندیوں میں مزید توسیع کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ بارز اور ریستوران مالکان کو لاحق تشویش سے بخوبی آگاہ ہیں۔ ان بارز اور ریستورانوں کو جلدی بند کرنے سے ان کا کاروبار بری طرح متاثر ہوا ہے۔ لیکن وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے یہ اقدامات ناگزیر ہیں۔
آسٹریلیا کا سرحدیں جزوی طور پر کھولنے کا اعلان
آسٹریلیا نے پڑوسی ممالک کے ساتھ سرحدیں جزوی طور پر کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
آسٹریلیا کے وزیرِ ٹرانسپورٹ مائیکل میک کورمیک کا کہنا ہے کہ ایسے تمام مسافر 16 اکتوبر سے آسٹریلوی شہروں سڈنی اور ڈارون سے بغیر قرنطینہ کے سفر کر سکیں گے جو کم از کم دو ہفتوں تک نیوزی لینڈ کے ان حصوں میں نہ رہے ہوں جہاں کرونا وائرس کے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے یا جو علاقے کووڈ 19 کا گڑھ رہے ہوں۔
ایڈیلیڈ کے لیے بھی نیوزی لینڈ سے آنے والے مسافروں کے لیے قرنطینہ کی شرط جلد ختم ہونے کا امکان ہے۔
آسٹریلیا کی ریاستوں اور مختلف علاقوں نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سرحدوں پر نقل و حرکت محدود کر رکھی ہے خصوصاً ریاست وکٹوریا میں جہاں اب تک مجموعی 888 ہلاکتوں میں سے کرونا وائرس سے متاثرہ 802 مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔
صدر ٹرمپ اور اہلیہ کا کرونا ٹیسٹ مثبت
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اُن کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد دونوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے جمعے کو اپنے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ اُن کا اور خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد وہ فوری طور پر قرنطینہ میں چلے گئے ہیں اور وہ اس مرحلے سے آسانی سے گزر جائیں گے۔
صدر ٹرمپ کے معالج نیوی کمانڈر ڈاکٹرسین کون لی کے مطابق صدر ٹرمپ اور خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ قرنطینہ کے دوران وائٹ ہاؤس میں ہی رہیں گے۔
انہوں نے صحافیوں کو رات تقریباً ایک بجے جاری کیے گئے میمو میں بتایا کہ جمعرات کی شام صدر ٹرمپ کا کرونا ٹیسٹ مثبت ہونے کی تصدیق ہوئی تھی۔