ایک دن میں کرونا کے ہزاروں ٹیسٹ کرنے والا روبوٹ
تائیوان کی ایک بائیو ٹیک کمپنی نے ایسا روبوٹ بنایا ہے جو ایک ہی دن میں کرونا وائرس کے تقریباً دو ہزار ٹیسٹ کر سکتا ہے۔ یہ روبوٹ تعلیمی اداروں اور کاروباری مراکز کو کھولنے کا عمل تیز اور محفوظ بنانے میں کیسے مددگار ثابت ہو سکتا ہے؟ دیکھیے اس رپورٹ میں۔
کیا کرونا سے متاثرہ افراد دوسری بار بھی وائرس سے متاثر ہو سکتے ہیں؟
اگر آپ ایک بار کرونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں تو یہ امکان موجود ہے یہ وبا دوبارہ بھی آپ کو متاثر کر سکتی ہے۔ لیکن کب؟ یہ معلوم نہیں ہے۔
ہانگ کانگ میں طبی تحقیق کے بعد ماہرین نے بتایا ہے کہ یہ شواہد ملے ہیں کہ ایک شخص جسے پہلے بھی کرونا وائرس ہو چکا تھا۔ کئی ماہ کے بعد اس میں دوبارہ عالمی وبا کی ابتدائی علامتیں ظاہر ہوئی ہیں۔
یہ تحقیق ابھی سائنسی اور طبی جرائد میں شائع نہیں ہوئی ہے۔ لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص پر جب پہلی بار کرونا وائرس کا حملہ ہوا تھا، تب اس کی علامات کم سطح کی تھیں اور اب دوسری بار وائرس میں مبتلا ہونے کے باوجود وبا کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی۔ جب کہ اس کا ٹیسٹ پازیٹو ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ اس کی وجہ یہ ہو کہ جب پہلی بار یہ شخص وائرس سے متاثر ہوا تھا۔ تو اس کے جسم میں وبا کے خلاف مدافعت پیدا ہو گئی تھی جس نے اسے وائرس کے دوسرے حملے میں کچھ تحفظ فراہم کیا ہے۔
اس شخص میں، جس کا نام پوشیدہ رکھا گیا ہے، دوسری بار کرونا وائرس کا انکشاف ہانگ کانگ کے ایئر پورٹ پر اسکرینگ اور ٹیسٹگ کے دوران ہوا تھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جب مریض کے جینیاتی ٹیسٹ لیے گئے تو معلوم ہوا کہ دوسری بار اس پر کرونا وائرس کی دوسری قسم کی نسل کا حملہ ہوا تھا۔
پاکستان میں سردیوں میں وائرس کی دوسری لہر کا خدشہ
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ موسم سرما میں وائرس کی دوسری لہر آ سکتی ہے، لہذٰا عوام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل جاری رکھیں گے۔
اتوار کو اپنی ٹوئٹ میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ خدا کا شکر ہے کہ دنیا کے دوسرے ملکوں کی نسبت پاکستان کرونا وبا کے سنگین اثرات سے محفوظ رہا۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عوامی مقامات پر ماسک پہنیں۔
ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان نے تمام دفاتر اور تعلیمی اداروں سے پر زور دیا کہ وہ یقینی بنائیں کہ لوگ ماسک پہن رہے ہیں۔
برطانیہ میں ایک ہی روز میں کیسز کا نیا ریکارڈ
برطانیہ میں ہفتے کو کرونا وائرس کے 12 ہزار 872 ریکارڈ کیس رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ حکومت کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں کیسز میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
جمعے کو حکام نے چھ ہزار 968 کیسز رپورٹ ہونے کی تصدیق کی تھی، تاہم حکام کا کہنا تھا کہ بعض تیکنیکی وجوہات کی بنا پر نئے کیسز رپورٹ ہونے کا عمل متاثر ہو گیا تھا۔
برطانیہ میں روزانہ کی بنیاد پر دو لاکھ سے زائد کرونا ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔
امریکہ کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق برطانیہ میں اب تک چار لاکھ 82 ہزار سے زائد افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ 42 ہزار سے زائد افراد اس وبا کے سبب ہلاک ہو چکے ہیں۔