برطانیہ میں ایک ہی روز میں کیسز کا نیا ریکارڈ
برطانیہ میں ہفتے کو کرونا وائرس کے 12 ہزار 872 ریکارڈ کیس رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ حکومت کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں کیسز میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
جمعے کو حکام نے چھ ہزار 968 کیسز رپورٹ ہونے کی تصدیق کی تھی، تاہم حکام کا کہنا تھا کہ بعض تیکنیکی وجوہات کی بنا پر نئے کیسز رپورٹ ہونے کا عمل متاثر ہو گیا تھا۔
برطانیہ میں روزانہ کی بنیاد پر دو لاکھ سے زائد کرونا ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔
امریکہ کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق برطانیہ میں اب تک چار لاکھ 82 ہزار سے زائد افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ 42 ہزار سے زائد افراد اس وبا کے سبب ہلاک ہو چکے ہیں۔
پابندیوں میں نرمی کے بعد محدود زائرین کا عمرہ
سعودی عرب نے کرونا وائرس کے پیشِ نظر نافذ کردہ پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے اتوار کو چھ ہزار زائرین کو عمرے کی ادائیگی کی اجازت دے دی۔
حکومت کی طرف سے پہلے مرحلے میں سعودی شہریوں اور رہائشیوں کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت ہو گی۔
سرکاری احکامات کے مطابق ایک شخص زیادہ سے زیادہ تین گھنٹوں میں عمرہ ادا کرنے کا پابند ہو گا۔
اس ضمن میں مسجد الحرام میں نماز پڑھنے اور عمرہ کے خواہش مندوں کو پہلے سے تاریخ اور وقت کی آن لائن بکنگ کرانا ہو گی۔
دوسرے مرحلے میں رواں ماہ 18 اکتوبر سے زیادہ سے زیادہ 15 ہزار زائرین کو عمرہ اور 40 ہزار نمازیوں کو اجازت دی جائے گی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں لگ بھگ 3 لاکھ 36 ہزار افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ اس وبا سے 4800 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
صدر ٹرمپ کی حالت بہتر ہے، آج اسپتال سے ڈسچارج کیا جا سکتا ہے: معالج
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے معالج ڈاکٹر سین کونلے نے کہا ہے صدر کی حالت بہتر ہے اور اُنہیں پیر کو اسپتال سے ڈسچارج کیا جاسکتا ہے۔
کرونا وائرس کے شکار ہونے والے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ واشنگٹن کے والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر میں زیرِ علاج ہیں جہاں امریکی نیوی کے کمانڈر ڈاکٹر سین کونلے کی سربراہی میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم اُن کا علاج کر رہی ہے۔
ڈاکٹر سین نے اتوار کو میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صدر ٹرمپ کے خون میں آکسیجن کی کمی نوٹ کی گئی ہے جس پر اُنہیں اسٹیرائڈ دی جا رہی ہے۔
ڈاکٹر کونلی نے بتایا کہ صدر ٹرمپ نے سانس میں دشواری کی کوئی شکایت نہیں کی اور اُن کی حالت اب بہتر ہے۔
جان ہوپکنز یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن سے وابستہ پھیپھڑوں کے امراض کے ماہر ڈاکٹر برین گریبلدی کے مطابق اگر صدر ٹرمپ کی حالت اسی طرح برقرار رہی تو امید ہے کہ اُنہیں آج ہی اسپتال سے وائٹ ہاؤس منتقل کر دیا جائے گا جہاں وہ اپنا بقایا علاج جاری رکھ سکتے ہیں۔
خیبر پختونخوا: اسکولوں میں سہولتیں نہیں، ایس او پیز پر عمل کیسے ہو گا؟
خیبر پختونخوا میں کرونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 42 تعلیمی ادارے بند کیے گئے ہیں جن میں اکثریت نجی اسکولوں کی ہے۔ دوسری جانب صوبے کے ہزاروں سرکاری اسکول بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں جس کے باعث ان میں کرونا کے حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد مشکل نظر آ رہا ہے۔ عمر فاروق کی رپورٹ۔