برطانیہ میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 5 لاکھ سے متجاوز
برطانیہ میں کرونا وائرس کی صورتِ حال سنگین ہوتی جا رہی ہے۔ اتوارکو ملک میں کرونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد پانچ لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔
محکمہ صحت کے حکام نے کیسزمیں اچانک اضافے کی وجہ تکنیکی خرابی کو قرار دیا ہے جس کے سبب ستمبر کے آخری ہفتے سے کئی ہزار کیسز رجسٹرڈ ہونے سے رہ گئے تھے۔
یومیہ کیسز کے اعداد و شمار میں اتوار کو کیسز کی تعداد 22 ہزار961 بتائی گئی ہے۔ اس تعداد میں ہفتے کو ہونے والا 10 ہزارسے زیادہ کیسز کا اضافہ بھی شامل ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تیکنیکی خرابی کا یہ مسئلہ اب حل ہو گیا ہے جب کہ اس خرابی کے دوران گنتی سے رہ جانے والے کیسز کو آئندہ کے اعداد و شمار میں شامل کیا جائے گا۔
برطانیہ میں وبائی مرض کے آغاز کے بعد سے اب تک 5 لاکھ 2 ہزار 978 کیسز ریکارڈ ہو چکے ہیں جب کہ اس مرض سے مرنے والے افراد کی تعداد 42 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
فرانس میں کرونا کیسز میں اضافہ، پیرس میں شراب خانے بند کرنے کا اعلان
فرانس میں کرونا وائرس کی دوسری لہر آنے کے بعد کیسز میں اضافہ جاری ہے۔ دارالحکومت پیرس اور اس کے مضافاتی علاقوں کو پیر سے کرونا وائرس کے بلند ترین 'الرٹ لیول' پر ڈال دیا گیا ہے۔
فرانسیسی وزیرِ اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس کیسز میں اضافے کے پیشِ نظر منگل سے پیرس اور دیگر کچھ علاقوں میں شراب خانے آئندہ دو ہفتے تک بند رہیں گے۔ البتہ ریستورانوں کو حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کے ساتھ کھلا رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔
فرانس میں ہفتے کو رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 16 ہزار 900 سے زائد تھی۔ اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت پیرس میں ہر ایک لاکھ افراد میں سے 250 افراد میں کرونا وائرس پایا جا رہا ہے۔
پیرس کے میئر کرونا وائرس کی موجودہ صورتِ حال کے پیشِ نظر پیر کو نئے اقدامات کا اعلان کریں گے جو منگل سے نافذ العمل ہوں گے اور ممکنہ طور پر 15 دن تک نافذ رہیں گے۔
صدر ٹرمپ اسپتال سے وائٹ ہاؤس منتقل
کرونا وائرس کے شکار امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صحت میں بہتری آ رہی ہے اور اُنہیں اسپتال سے وائٹ ہاؤس منتقل کر دیا گیا ہے۔
صدر ٹرمپ واشنگٹن کے فوجی اسپتال میں 72 گھنٹے تک زیرِ علاج رہنے کے بعد جمعے کو وائٹ ہاؤس پہنچے تو وہاں موجود افراد نے اُن کا استقبال کیا۔
اس سے قبل والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر سے ڈسچارج ہونے کے بعد وائٹ ہاؤس کی جانب روانگی سے قبل صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ ہر شخص کے مشکور ہیں۔
وائٹ ہاؤس پہنچنے پر صدر ٹرمپ نے میڈیا کے کیمروں کو دیکھ کر اپنے دونوں انگوٹھے فضا میں بلند کیے اور انہوں نے ماسک بھی اُتار دیا۔
بھارت: کرونا متاثرین کی تعداد 66 لاکھ 85 ہزار ہو گئی
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 61 ہزار 267 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ اس وبا سے 884 مریض بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں اب تک کرونا کے کُل 66 لاکھ 85 ہزار سے زیادہ کیسز سامنے آ چکے ہیں اور اس وبا کا شکار ہو کر مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ تین ہزار 569 ہو گئی ہے۔
ہلاکتوں کے لحاظ سے بھارت، امریکہ اور برازیل کے بعد تیسرا ملک ہے جب کہ بھارت میں وبائی مرض میں کمی کے بھی فی الحال کوئی آثار نظر نہیں آ رہے۔
اس صورتِ حال کے باوجود بھارت میں گزشتہ ہفتے پابندیوں میں مزید نرمی کرتے ہوئے اسکول اور سنیما ہالز کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔