امریکی فوج کی اعلیٰ قیادت نے خود کو قرنطینہ کر لیا
امریکہ کی فوج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملے سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے کرونا وائرس کی احتیاط کے پیشِ نظر خود کو قرنطینہ کر لیا ہے جب کہ وائٹ ہاؤس کے سینئر مشیر اسٹیفن ملر کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
پینٹاگون کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ جنرل مارک ملے وائس چیئرمین جنرل جان ہیٹن اور دیگر اعلیٰ فوجی افسران نے گزشتہ ہفتے کوسٹ گارڈ کے وائس کمانڈنٹ ایڈمرل چارلس رے کے ساتھ ایک اجلاس میں شرکت کی تھی جن کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
پینٹاگون کے حکام کے مطابق اعلیٰ فوجی افسران کی یہ ملاقات گزشتہ ہفتے ایک محفوظ ٹینک میں ہوئی تھی جس کے بعد افسران کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا جس میں وبا کے کوئی آثار نہیں پائے گئے۔
پینٹاگون کے ترجمان جوناتھن ہوفمین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ احتیاطی تدابیر کے پیشِ نظر اجلاس میں شریک تمام افسران نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے اور کسی افسر میں کرونا کی علامات نہیں پائی گئیں۔
فرانس: اسپتالوں میں 40 فی صد آئی سی یو بستر بھر گئے
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے مریضوں کے سبب انتہائی نگہداشت یونٹس میں موجود 40 فی صد بستر کووڈ-19 مریضوں سے بھر گئے ہیں۔
فرانس میں انتہائی نگہداشت کے ضرورت مند مریضوں کی تعداد 11 سے بڑھ کر ایک ہزار 426 اور اسپتال میں داخل ہونے والے مریضوں کی تعداد 104 سے بڑھ کر سات ہزار 397 ہو گئی ہے۔
فرانس میں منگل کو کرونا وائرس کے 10 ہزار 489 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق یہ تعداد فرانس میں ہر روز سامنے آنے والے نئے کیسز کی اوسطاً تعداد سے زیادہ ہے۔
صدر ٹرمپ کی بیماری اور صدارتی انتخابات
خیبرپختونخوا: کرونا کیسز سامنے آںے پر گجو خان میڈیکل کالج کے امتحانات ملتوی
پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی کے گجو خان میڈیکل کالج میں کرونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد تعلیمی سرگرمیوں کو محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
صوبائی محکمۂ صحت کے جاری کردہ بیان کے مطابق گجو خان میڈیکل کالج کے پانچ طلبہ میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
کالج انتظامیہ نے میڈیکل کالج کے ہاسٹل کو 31 اکتوبر تک بند کرتے ہوئے تمام مڈٹرم امتحانات ملتوی کر دیے ہیں۔
کالج انتظامیہ کے مطابق تمام متعلقہ اسٹاف معمول کے مطابق کام سر انجام دے گا۔
یاد رہے کہ صوابی کے گجو خان میڈیکل کالج سے قبل پشاور کے خیبر میڈیکل کالج میں کیسز سامنے آئے تھے۔