آسٹریلیا میں تین ماہ بعد 48 گھنٹوں میں کرونا سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی
آسٹریلیا میں مسلسل دوسرے روز کرونا وائرس سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ہے اور ایسا آسٹریلیا میں لگ بھگ تین ماہ بعد ہوا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آسٹریلوی ریاستوں اور زیرِ انتظام علاقوں میں کووڈ 19 کے 16 کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ جمعرات کو 28 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ البتہ گزشتہ دو روز کے دوران کرونا وائرس سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق گیارہ جولائی کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب آسٹریلیا میں 48 گھنٹوں کے دوران کرونا سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔
روس میں یومیہ کیسز کی تعداد 11 ہزار تک پہنچ گئی
روس میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسز کی تعداد میں ایک بار پھر اضافہ ہو رہا ہے اور 24 گھنٹوں کے دوران سامنے آنے والے کیسز 11 ہزار تک پہنچ گئے ہیں۔
امریکہ کی 'جانز ہوپکنز یونیورسٹی' کے اعداد و شمار کے مطابق جمعرات کو روس میں کرونا وائرس کے 11 ہزار 300 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس سے قبل چھ اکتوبر کو بھی روس میں 11 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے تھے۔
روس میں کرونا وائرس کی وبا مئی میں زوروں پر تھی جس کے بعد جولائی میں یومیہ کیسز کی تعداد کم ہونا شروع ہوئی تھی۔
اگست میں روس میں ایک دن کے دوران سامنے آنے والے کیسز کی تعداد پانچ ہزار سے بھی کم ہو گئی تھی۔
البتہ ستمبر کے آخری عشرے میں کیسز دوبارہ بڑھنا شروع ہوئے اور اکتوبر میں یومیہ کیسز کی تعداد ایک بار پھر 10 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
خیال رہے کہ روس میں وبا کے آغاز سے اب تک کووڈ 19 کے 12 لاکھ 53 ہزار سے زائد کیسز سامنے آ چکے ہیں جب کہ اموات کی تعداد 22 ہزار سے زیادہ ہے۔
بھارت میں 70 ہزار سے زائد نئے کیسز، مجموعی مریض 69 لاکھ سے زیادہ
بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں 70 ہزار 400 سے زائد کیسز کا مزید اضافہ ہوا ہے جو جمعرات کو سامنے آئے ہیں۔ نئے کیسز کے بعد ملک میں کووڈ 19 سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 69 لاکھ چھ ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
بھارت میں کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں بھی ایک لاکھ چھ ہزار سے زائد ہیں۔ بھارت، امریکہ کے بعد دنیا بھر میں کرونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔
پاکستان میں مزید 671 افراد متاثر، چھ اموات
پاکستان میں کرونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 671 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ جب کہ حکام نے 6 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اب تک 3 لاکھ 18 ہزار 266 افراد وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ جن میں سے 3 لاکھ 3 ہزار 62 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔
ملک بھر میں اب بھی 8 ہزار 646 افراد زیرِ علاج ہیں۔
حکام کے مطابق زیرِ علاج افراد میں 475 افراد انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
خیال رہے کہ وبا سے پاکستان میں اب تک 6558 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق پاکستان میں کرونا سے متاثر افراد کی تصدیق کے لیے 38 لاکھ 28 ہزار952 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 33ہزار 665 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔