بھارت میں سنیما کھولنے کی تیاریاں
چین میں کرونا وائرس کے مزید 13 کیسز رپورٹ
چین میں منگل کو کرونا وائرس کے مزید 13 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں چھ کیسز مقامی سطح پر منتقل ہوئے ہیں۔
مقامی سطح پر کیسز کی منتقلی میں اضافے کے بعد چین کے مشرقی شہر چنگ ڈاؤ کی پوری آبادی کے کرونا ٹیسٹس کا سلسلہ جاری ہے۔ پانچ روز کے دوران لگ بھگ 90 لاکھ افراد کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔
منگل کو اسی علاقے میں مزید چھ افراد میں مقامی سطح پر وائرس کی منتقلی کی تصدیق ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق سات افراد میں وائرس باہر سے آنے والوں کے ذریعے مقامی افراد میں منتقل ہوا۔
چین میں کرونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 85 ہزار 591 ہے جب کہ وائرس کے باعث اب تک 4634 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔
پاکستان میں مزید 531 افراد میں وائرس کی تصدیق
پاکستان میں کرونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 531 افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ حکام نے آٹھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اب تک 3 لاکھ 19 ہزار 848 افراد وبا سے متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 3 لاکھ چار ہزار 609 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔
پاکستان میں وبا کے باعث اب تک مجموعی طور پر چھ ہزار 588 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ملک بھر میں اب تک کرونا کے 39 لاکھ 14 ہزار 818 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 30 ہزار 22 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔