دنیا بھر میں وبا سے 3 کروڑ 81 لاکھ 41 ہزار افراد متاثر
دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد تین کروڑ 81 لاکھ 41 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
امریکہ کی یونیورسٹی جان ہاپکنز کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کرونا سے سب سے زیادہ امریکہ میں 78 لاکھ 58 ہزار افراد وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔ امریکہ کے بعد وبا سے سب سے زیادہ افراد بھارت میں متاثر ہوئے ہیں۔
بھارت میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 72 لاکھ 39 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔
ماہرینِ طب خدشہ ظاہر کر رہے ہیں کہ اگر بھارت میں وبا سے لوگوں کا تیزی سے متاثر ہونے کا سلسلہ جاری رہا تو بھارت میں متاثرہ افراد کی تعداد امریکہ سے زائد ہو سکتی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں تیسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک برازیل ہے جہاں 51 لاکھ 13 ہزار افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تشخیص ہو چکی ہے۔
دنیا بھر میں اموات 10 لاکھ 86 ہزار سے متجاوز
کرونا وائرس سے عالمی سطح پر ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 10 لاکھ 86 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
امریکہ کی 'جان ہاپکنز یونیورسٹی' کے اعداد و شمار کے مطابق وبا سے سب سے زیادہ امریکہ میں 2 لاکھ 15 ہزار 910 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ امریکہ کے بعد سب سے زیادہ اموات برازیل میں ایک لاکھ 50 ہزار 998 ہوئی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق وبا سے بھارت میں ایک لاکھ 10 ہزار 586 اموات ہو چکی ہیں۔ میکسیکو میں حکام نے 84 ہزار 420 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔
برطانیہ میں 43 ہزار 108، اٹلی میں 36 ہزار 246، پیرو میں 33 ہزار 419، اسپین میں 33 ہزار 204 اور فرانس میں 32 ہزار 982 افراد وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔
کرونا ختم ہونے پر بھی 10 میں سے 9 افراد گھر سے کام کے خواہش مند
ایک سروے کے نتائج میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کرونا وبا ختم ہونے کے باوجود دس میں سے نو افراد گھر سے کام کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ ایسے افراد کا مؤقف ہے کہ اُنہیں گھر سے کام کے دوران زیادہ خود مختاری حاصل ہوتی ہے۔
آئی ٹی کمپنی سسکو سسٹمز کی جانب سے کیے گئے اس سروے کے مطابق کرونا وبا کے باعث گھر سے کام کرنے کے رُجحان میں اضافہ ہوا وہیں دو تہائی کے لگ بھگ افراد نے اسے فائدہ مند قرار دیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق سسکو نے اس سروے میں یورپ، امریکہ، مشرقِ وسطیٰ اور روس میں لگ بھگ 10 ہزار افراد سے اُن کی رائے لی۔
سروے میں شامل پانچ فی صد افراد وہ تھے جو وبا سے پہلے بھی گھر سے کام کر رہے تھے۔ تاہم مجموعی طور پر لگ بھگ 87 فی صد افراد نے کہا کہ یہ اختیار اُن کے پاس ہونا چاہیے کہ وہ کہاں سے کام کرنا چاہتے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان بھی کرونا وائرس سے متاثر
بلوچستان کے وزیر اعلیٰ جام کمال خان بھی کرونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں۔
جام کمال خان نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ان کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔