پاکستان میں کرونا وائرس کی صورتِ حال
امریکی صدر ٹرمپ کا بیٹا کرونا کا شکار ہونے کے بعد صحت یاب
امریکی خاتونِ اوّل میلانیا ٹرمپ نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ اور ان کے 14 سالہ بیٹے بیرن ٹرمپ بھی کرونا وائرس کا شکار ہوئے تھے۔ البتہ اب وہ صحت یاب ہو چکے ہیں۔
میلانیا ٹرمپ نے بدھ کو اپنے ایک طویل نوٹ میں کرونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد اپنے ذاتی تجربے اور احساسات کو بیان کیا۔ اسی نوٹ میں انہوں نے اپنے بیٹے بیرن ٹرمپ کے کرونا وائرس کا شکار ہونے کا بھی انکشاف کیا۔
خاتونِ اول نے کہا کہ جب وہ اور امریکی صدر کرونا وائرس میں مبتلا ہوئے تھے تو وائٹ ہاؤس نے بیرن ٹرمپ کا ٹیسٹ منفی آنے کی اطلاع دی تھی۔ لیکن بعد میں ان کا ٹیسٹ مثبت آیا۔ البتہ بیرن ٹرمپ میں وائرس کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔
خاتونِ اول نے کہا ہے کہ ان کا اور بیرن ٹرمپ کا ٹیسٹ اب منفی آ چکا ہے اور وہ دونوں کرونا سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں 40 لاکھ سے زائد ٹیسٹ
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 659 افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سات اموات ہوئی ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے تین لاکھ 21 ہزار 877 افراد میں سے تین لاکھ پانچ ہزار 835 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ 6621 افراد کی وبا سے موت ہوئی ہے۔
ملک بھر میں اب بھی نو ہزار 421 افراد زیرِ علاج ہیں جن میں سے 529 انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
حکام کے مطابق پاکستان 40 لاکھ نو ہزار 497 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 33 ہزار 901 ٹیسٹ کیے گئے۔
کرونا بحران: 'سب کچھ کھل سکتا ہے لیکن احتیاط کے ساتھ'
دنیا بھر میں کرونا وائرس سے نمٹنے کی کوششوں کے باوجود ایک بار پھر کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے بعد وائرس کے خلاف اختیار کی جانے والی حکمتِ عملی کے مؤثر ہونے پر بھی سوال اٹھائے جا رہے ہیں۔