اسٹاف کا کرونا ٹیسٹ مثبت، کاملا ہیرس کی انتخابی مصروفیات معطل
ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے نائب صدارت کی امیدوار کاملا ہیرس نے اپنے اسٹاف کے دو ارکان کے کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اگلے پیر تک انتخابی مہم میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
صدارتی امیدوار جو بائیڈن کی انتخابی مہم نے جمعرات کو بتایا ہے کہ بائیڈن کا کسی بھی ایسے فرد سے سامنا نہیں ہوا جب کہ آٹھ اکتوبر کو بائیڈن اور ہیرس ریاست ایریزونا میں انتخابی مہم کے دوران کئی گھنٹے اکٹھے شریک رہے۔
شیڈول کے مطابق کاملا ہیرس کو جمعرات کو شمالی کیرولائنا جانا تھا، جہاں ووٹروں سے ایک ملاقات میں انہوں نے الیکشن کے دن سے پہلے ووٹ ڈالنے پر بات کرنا تھی۔
ہیرس کی انتخابی مہم نے صحافیوں کو جمعرات کو بتایا کہ ان کے کمیونیکیشنز کے ڈائریکٹر اور جہاز کے عملے کے ایک رکن کے ایک حالیہ دورے کے بعد کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔
ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کا تھیکنس گیونگ ڈے کی تقریبات پر نظرِ ثانی کی تجویز
امریکہ کے اعلیٰ ترین طبی مشیر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے کہا ہے کہ امریکہ میں نومبر کے آخر میں تھینکس گیونگ ڈے یعنی یوم شکرانہ کا تہوار ہوگا۔ اس موقع پر شہری تقریبات پر نظر ثانی کریں۔
ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے 'اے بی سی' کو انٹرویو دیتے ہوئے لوگوں سے کہا کہ بہت سے لوگ یہ تہوار اپنے خاندان کے ساتھ گزارنے کے لیے سفر کرتے ہیں اور یوں بس اڈوں، ٹرین اسٹیشنز اور ایئر پورٹس پر بے تحاشہ بھیڑ ہوتی ہے۔
ان کے بقول اگر ان کے خاندان میں بزرگ افراد یا ایسے لوگ موجود ہیں جنہیں کرونا وائرس سے کسی قدر متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہو تو سوچنا چاہیے کہ کیا ایسی صورتِ حال میں ان کے پاس جانا چاہیے یا نہیں۔
انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ سفر کر کے اپنے خاندان کے افراد کے پاس جانے کے لیے اس وقت تک کا انتظار کریں جب تک کرونا وائرس پر قابو نہیں پا لیا جاتا۔
پاکستان میں مزید 13 اموات، مجموعی ہلاکتیں 6638 ہو گئیں
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس سے مزید 641 افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ حکام نے 13 افراد کی اموات کی تصدیق کی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 9 ہزار 174 افراد زیر علاج ہیں جن میں سے 567 انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 32 ہزار 465 ٹیسٹ کیے گئے۔ جس کے بعد مجموعی طور پر کیے گئے ٹیسٹس کی تعداد 40 لاکھ 42 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا سے تین لاکھ 22 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے تین لاکھ چھ ہزار 640 صحت یاب ہوئے ہیں۔ جب کہ 6638 کی اموات ہوئی ہیں۔
گدھوں کے ساتھ وقت گزاریں، ڈپریشن سے نجات پائیں
اسپین میں کرونا وائرس کے مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والے طبّی عملے کو ڈپریشن اور ذہنی دباؤ سے نکالنے کے لیے 'ڈونکی تھیراپی' کی جا رہی ہے۔ اس تھیراپی میں لوگ گدھوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں اور جب کسی ایک گدھے سے ان کی دوستی ہو جاتی ہے تو وہ اسے لے کر جنگل میں جاتے ہیں اور گدھے کے ساتھ کچھ وقت گزارتے ہیں۔