بھارت میں متاثرہ افراد کی تعداد 74 لاکھ سے متجاوز
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 62 ہزار 212 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
بھارت میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 74 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
وزارتِ صحت کے مطابق ڈیڑھ ماہ میں پہلی بار ہوا ہے کہ زیرِ علاج مریضوں کی تعداد آٹھ لاکھ سے کم ہو گئی ہے۔
خیال رہے کہ بھارت دنیا بھر میں اس عالمی وبا سے متاثر ہونے والے ممالک میں امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق بھارت میں وبا سے اب تک ایک لاکھ 12 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
امریکی انتخابات کے نتائج میں تاخیر کے خدشات کیوں؟
امریکہ میں آئندہ ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات کے نتائج میں تاخیر کے خدشات زور پکڑتے جا رہے ہیں۔ کیوں کہ اس سال کرونا وائرس کی وجہ سے امریکی ووٹرز کی ایک بڑی تعداد ڈاک کے ذریعے ووٹ ڈال رہی ہے۔ 'میل اِن بیلٹس' کا طریقۂ کار انتخابی نتائج کے جلد اعلان کی راہ میں رکاوٹ کیسے ہے؟ جانیے اس ایکسپلینر میں۔
جرمنی میں مزید سات ہزار سے زائد افراد کرونا کا شکار
یورپی ملک جرمنی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید سات ہزار 830 افراد کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
جرمنی کے وبائی امراض کے ادارے ‘آر کے آئی’ کے مطابق اس وبا سے اب تک تین لاکھ 48 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
'آر کے آئی' کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں میں ہونے والی مزید 33 ہلاکتوں کے بعد جرمنی میں وبا کے سبب ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 9 ہزار 767 ہو گئی ہے۔
بھارت: چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 61 ہزار سے زائد کیس
امریکہ کے بعد کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک بھارت میں چوبیس گھنٹوں میں مزید 61 ہزار سے زائد افراد میں وبا کی تشخیص ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد لگ بھگ 75 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔
وزارتِ صحت کے جاری کردہ اعداوشمار کے مطابق اتوار کو بھارت میں وبا کے سبب مزید ایک ہزار 33 اموات رپورٹ ہوئیں۔
بھارت میں وبا پھوٹنے کے بعد اس مہلک وائرس سے اب تک ایک لاکھ 14 ہزار 31 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔