ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کا تھیکنس گیونگ ڈے کی تقریبات پر نظرِ ثانی کی تجویز
امریکہ کے اعلیٰ ترین طبی مشیر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے کہا ہے کہ امریکہ میں نومبر کے آخر میں تھینکس گیونگ ڈے یعنی یوم شکرانہ کا تہوار ہوگا۔ اس موقع پر شہری تقریبات پر نظر ثانی کریں۔
ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے 'اے بی سی' کو انٹرویو دیتے ہوئے لوگوں سے کہا کہ بہت سے لوگ یہ تہوار اپنے خاندان کے ساتھ گزارنے کے لیے سفر کرتے ہیں اور یوں بس اڈوں، ٹرین اسٹیشنز اور ایئر پورٹس پر بے تحاشہ بھیڑ ہوتی ہے۔
ان کے بقول اگر ان کے خاندان میں بزرگ افراد یا ایسے لوگ موجود ہیں جنہیں کرونا وائرس سے کسی قدر متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہو تو سوچنا چاہیے کہ کیا ایسی صورتِ حال میں ان کے پاس جانا چاہیے یا نہیں۔
انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ سفر کر کے اپنے خاندان کے افراد کے پاس جانے کے لیے اس وقت تک کا انتظار کریں جب تک کرونا وائرس پر قابو نہیں پا لیا جاتا۔
پاکستان میں مزید 13 اموات، مجموعی ہلاکتیں 6638 ہو گئیں
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس سے مزید 641 افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ حکام نے 13 افراد کی اموات کی تصدیق کی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 9 ہزار 174 افراد زیر علاج ہیں جن میں سے 567 انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 32 ہزار 465 ٹیسٹ کیے گئے۔ جس کے بعد مجموعی طور پر کیے گئے ٹیسٹس کی تعداد 40 لاکھ 42 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا سے تین لاکھ 22 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے تین لاکھ چھ ہزار 640 صحت یاب ہوئے ہیں۔ جب کہ 6638 کی اموات ہوئی ہیں۔
گدھوں کے ساتھ وقت گزاریں، ڈپریشن سے نجات پائیں
اسپین میں کرونا وائرس کے مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والے طبّی عملے کو ڈپریشن اور ذہنی دباؤ سے نکالنے کے لیے 'ڈونکی تھیراپی' کی جا رہی ہے۔ اس تھیراپی میں لوگ گدھوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں اور جب کسی ایک گدھے سے ان کی دوستی ہو جاتی ہے تو وہ اسے لے کر جنگل میں جاتے ہیں اور گدھے کے ساتھ کچھ وقت گزارتے ہیں۔
بھارت میں متاثرہ افراد کی تعداد 74 لاکھ سے متجاوز
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 62 ہزار 212 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
بھارت میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 74 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
وزارتِ صحت کے مطابق ڈیڑھ ماہ میں پہلی بار ہوا ہے کہ زیرِ علاج مریضوں کی تعداد آٹھ لاکھ سے کم ہو گئی ہے۔
خیال رہے کہ بھارت دنیا بھر میں اس عالمی وبا سے متاثر ہونے والے ممالک میں امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق بھارت میں وبا سے اب تک ایک لاکھ 12 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔