آسٹریلیا: میلبورن میں کیسوں میں کمی کے بعد پابندیاں نرم کرنے کا فیصلہ
آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریا کے شہر میلبورن میں کرونا وائرس کے رپورٹ ہونے والے کیسز میں کمی کے بعد لاک ڈاؤن میں نرمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ریاست وکٹوریا میں اتوار کو صرف دو افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی جب کہ کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔
امریکی خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق اتوار کی رات سے لوگوں کو گھروں سے باہر وقت گزارنے پر پابندی نہیں ہو گی۔
اس سے پہلے میلبورم کے لوگ اپنے گھروں سے صرف پانچ کلومیٹر دور تک جاسکتے تھے جب کہ اب لوگ اپنے گھروں سے 25 کلومیٹر دور تک جا سکیں گے۔
اٹلی میں کرونا کیسز کا نیا ریکارڈ
اٹلی کے وزیرِ اعظم جوسیپی کونٹے نے کرونا وائرس کی دوسری لہر کو روکنے کے لیے اتوار کو مزید اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اجتماعات روکنے کے لیے میئرز کو عوامی مقامات رات نو بجے تک بند کرانے کے اختیارات دے دیے ہیں۔
اٹلی میں اتوار کو کرونا وائرس کے یومیہ کیسز کا نیا ریکارڈ بنا ہے جب ایک ہی دن میں 11 ہزار 700 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ وزیرِ اعظم کونٹے نے کہا ہے کہ صورتِ حال بہت تشویش ناک ہے لیکن ان کی حکومت دوبارہ سخت لاک ڈاؤن سے بچنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صورتِ حال تشویش ناک ہے۔ حکومت اقدامات کر رہی ہے لیکن وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
اٹلی میں کرونا وائرس کی دوسری لہر کے پیشِ نظر عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازم ہے جب کہ عوامی اجتماعات پر پابندی ہے۔ اس کے علاوہ ریستورانوں اور دیگر فوڈ اسٹالز کو رات دیر تک کاروبار کھلا رکھنے کی اجازت ہے لیکن شام چھ بجے کے بعد ریستوران میں بیٹھ کر صرف وہی افراد کھانا کھا سکتے ہیں جو پہلے سے اندر موجود ہوں۔
اٹلی کے کچھ علاقوں میں پابندیاں مزید سخت کرتے ہوئے اسکول بھی دو ہفتوں کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔
وزیرِ اعظم کونٹے نے کہا کہ حکومت جمنازیم اور سوئمنگ پولز بند کرنے پر بھی غور کر رہی ہے۔
پاکستان میں 433 نئے مریض، ایکٹو کیسز 9 ہزار 300 سے زائد
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 433 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد کرونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد تین لاکھ 23 ہزار 452 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں تین لاکھ سات ہزار مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ ایکٹو کیسز کی تعداد 9384 ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے پانچ اموات بھی ہوئی ہیں جس کے بعد کرونا سے اموات کی تعداد چھ ہزار 659 ہو گئی ہے۔
بھارت: تین ماہ کی کم ترین یومیہ ہلاکتیں، کرونا کیسز 75 لاکھ سے متجاوز
بھارت میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسز کی تعداد میں کمی آ رہی ہے لیکن ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 75 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
بھارت کی وزارتِ صحت نے اپنے ایک ٹوئٹ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے اعداد و شمار جاری کیے ہیں جن کے مطابق اتوار کو بھارت میں 55 ہزار 722 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
کیسز کی تعداد میں اس اضافے کے بعد بھارت میں کرونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 75 لاکھ 50 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ لیکن وزارتِ صحت کے مطابق ان میں سے 66 لاکھ سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ بھارت میں تقریباً تین ماہ بعد کرونا وائرس سے ایک دن میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 600 سے کم رپورٹ ہوئی ہے جب اتوار کو ملک میں 579 مریض جان کی بازی ہار گئے۔ واضح رہے کہ یہ بھارت میں گزشتہ تین ماہ کے دوران کم تین یومیہ ہلاکتیں ہیں۔