پاکستان میں 526 افراد انتہائی نگہداشت میں موجود
پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ انتہائی نگہداشت میں موجود افراد کی تعداد 526 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس سے مزید 440 افراد متاثر ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں مجموعی طور پر زیرِ علاج افراد کی تعداد 9384 ہو گئی ہے۔
حکام کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس سے تین لاکھ 23 ہزار افراد متاثر ہوئے تھے جن میں سے تین لاکھ سات ہزار افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ جب کہ وبا سے متاثرہ 6659 افراد کی موت ہو چکی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے مزید پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ وبا سے متاثرہ افراد کی نشان دہی کے ہے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 27ہزار ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ اب تک ملک بھر میں 41 لاکھ ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
کرونا وبا میں امریکہ میں انتخابی دن سے قبل ووٹ ڈالنے والوں میں اضافہ
امریکہ کے صدارتی انتخابات میں ووٹنگ کے لیے صدر ٹرمپ اپنے ووٹرز کو پولنگ اسٹیشن جا کر ووٹ ڈالنے کی ترغیب دے رہے ہیں تو ان کے مخالف جو بائیڈن ڈاک کے ذریعے ووٹنگ کے طریقۂ کار کو اپنانے کا کہہ رہے ہیں۔ کرونا وبا کی وجہ سے امریکہ میں اس بار ارلی ووٹنگ کا رجحان ویسے ہی زیادہ ہے۔
آئرلینڈ میں پھر لاک ڈاؤن، پابندیاں مزید سخت
آئرلینڈ میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر بدھ کی رات سے چھ ہفتوں کے لیے ایک مرتبہ پھر لاک ڈاؤن نافذ کیا جا رہا ہے۔
وزیرِ اعظم مائیکل مارٹن نے پیر کی شب ویڈیو بیان میں عوام کو گھروں تک محدود رہنے پر زور دیا ہے تاہم ملک کے تمام اسکولوں کو لاک ڈاؤن سے مثتنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
آئر لینڈ یورپی یونین کا پہلا ملک ہو گا جہاں دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کیا جا رہا ہے۔
لاک ڈاؤن کے دوران تمام غیر ضروری کاروبار بند رہیں گے۔ جب کہ کلب اور ریستوران محدود تعداد میں صرف ڈیلیوری کی غرض سے کھلیں گے ان میں بیٹھ کر کھانے، پینے کی اجازت نہیں ہو گی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ صرف ضروری کارکنوں کو ہی کام کی غرض سے سفر کرنے کی اجازت ہو گی۔ جب کہ شہریوں کو اپنی رہائش گاہ سے صرف پانچ کلو میٹر تک ہی ورزش کی غرض سے باہر نکلنے کی اجازت ہوگی۔
حکام کے مطابق اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔ پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے صرف ضروری کارکنوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا جا سکے گا۔ جب کہ صرف 25 فی صد پبلک ٹرانسپورٹ کو سڑکوں پر آنے کی اجازت ہو گی۔
وزیرِ اعظم مائیکل مارٹن نے اسکولوں کو لاک ڈاؤن سے مثتنیٰ قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کے غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے پر پابندی ہوگی۔