آئرلینڈ میں پھر لاک ڈاؤن، پابندیاں مزید سخت
آئرلینڈ میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر بدھ کی رات سے چھ ہفتوں کے لیے ایک مرتبہ پھر لاک ڈاؤن نافذ کیا جا رہا ہے۔
وزیرِ اعظم مائیکل مارٹن نے پیر کی شب ویڈیو بیان میں عوام کو گھروں تک محدود رہنے پر زور دیا ہے تاہم ملک کے تمام اسکولوں کو لاک ڈاؤن سے مثتنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
آئر لینڈ یورپی یونین کا پہلا ملک ہو گا جہاں دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کیا جا رہا ہے۔
لاک ڈاؤن کے دوران تمام غیر ضروری کاروبار بند رہیں گے۔ جب کہ کلب اور ریستوران محدود تعداد میں صرف ڈیلیوری کی غرض سے کھلیں گے ان میں بیٹھ کر کھانے، پینے کی اجازت نہیں ہو گی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ صرف ضروری کارکنوں کو ہی کام کی غرض سے سفر کرنے کی اجازت ہو گی۔ جب کہ شہریوں کو اپنی رہائش گاہ سے صرف پانچ کلو میٹر تک ہی ورزش کی غرض سے باہر نکلنے کی اجازت ہوگی۔
حکام کے مطابق اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔ پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے صرف ضروری کارکنوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا جا سکے گا۔ جب کہ صرف 25 فی صد پبلک ٹرانسپورٹ کو سڑکوں پر آنے کی اجازت ہو گی۔
وزیرِ اعظم مائیکل مارٹن نے اسکولوں کو لاک ڈاؤن سے مثتنیٰ قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کے غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے پر پابندی ہوگی۔
زمبابوے کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد، ایک ہفتہ آئسولیشن میں رہے گی
زمبابوے کی کرکٹ ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے لیے منگل کی صبح پاکستان پہنچ گئی ہے۔
زمبابوے کا 32 رکنی اسکواڈ اسلام آباد پہنچا ہے جہاں ہوٹل میں کھلاڑیوں کا کرونا ٹیسٹ کیا جائے گا جب کہ تمام کھلاڑی وہیں سات روزہ آئسولیشن کی مدت پوری کریں گے۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلے ون ڈے سیریز کھیلی جائے گی جس کے تمام تین میچز کی میزبانی راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کرے گا۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی ثانیہ نشتر بھی وائرس سے متاثر
وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی اور ملک میں تدارک غربت پروگرام 'احساس' کی سربراہ ثانیہ نشتر بھی کرونا وائرس کی متاثر ہوئی ہیں۔
اپنی ایک ٹوئٹ میں انہوں نے وبا سے متاثر ہونے کی تصدیق کی ہے۔
ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ ان کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
ثانیہ نشتر کے بقول ان میں وبا کی معمولی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔ انہوں نے گھر سے ہی سرکاری امور جاری رکھنے کا بھی اعلان کیا۔
'پاکستان میں وبا سے اموات میں دوبارہ اضافہ ہو رہا ہے'
وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس سے اموات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
اپنی ایک ٹوئٹ میں اسد عمر نے کہا کہ گزشتہ ہفتے کرونا وائرس سے یومیہ اموات 12 رہیں۔ جو کہ حالیہ ہفتوں کے مقابلے میں 140 فی صد زیادہ اموات ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اجتماعی طور پر کرونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کرکے بڑی غلطی کر رہے ہیں۔
احتیاطی تدابیر پر عدم عمل درآمد کے حوالے سے اسد عمر نے کہا کہ اس کے نتائج نظر آنا شروع ہو گئے ہیں۔