امریکہ: 'انتخابات سے قبل کرونا ویکسین آنے کا امکان نہیں'
کرونا وائرس کی ویکسین کی تیاری میں مصروفِ عمل امریکی دوا ساز کمپنی 'فائزر' نے اعلان کیا ہے کہ وہ نومبر کے اختتام تک ویکسین کے استعمال کی ہنگامی منظوری لینے کا ارادہ نہیں رکھتی۔ کمپنی کے اس اعلان کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی یہ پیش گوئی پوری ہوتی نظر نہیں آ رہی جس میں اُنہوں نے الیکشن سے قبل ویکسین آنے کا عندیہ دیا تھا۔
ویکسین بنانے کی دوڑ میں آگے دو اور کمپنیوں نے ویکسین پر کام عارضی طور پر روک رکھا ہے جب کہ چوتھی کمپنی کے نتائج اس سال کے آخر تک متوقع ہیں۔
صدر ٹرمپ نے اپنی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات جن میں "آپریشن وارپ اسپیڈ" بھی ہیں، جن کا مقصد ویکسین کی تیاری میں تیزی لانا تھا، کا بار بار ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ انتخاب کے دن تک بہت سے افراد کو ویکسین میسر ہو گی۔ حکومتی اور نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے سائنس دانوں نے انتخاب سے پہلے ویکسین آنے کے خیال کو غیر حقیقی قرار دیا تھا۔
ہنگری: سماجی فاصلوں کے ساتھ ہوا میں معلق منفرد ریستوران
ہنگری کے ایک ہوٹل مالک نے کرونا وبا کے باعث سیاحوں کی تعداد میں کمی کے پیشِ نظر ریستوران آنے والے سیاحوں کو 'سکائی لائن ڈائننگ' کی سہولت فراہم کر دی ہے۔
بوداپیسٹ میں قائم 'بوداپیسٹ آئی فیریز وہیل' جو لندن میں 'لندن آئی' کی طرز کے ایک بڑے پہیے کی طرح آہستہ آہستہ گھومتی ہے کھانا تناول کرنے کے علاوہ سیاح بلندی سے شہر کا نظارہ بھی کر سکتے ہیں۔
'کوسٹیس' نامی ہوٹل کے مالک کیرولے جیرینڈائی نے اپنے ریستوران کو جاری رکھنے اور کاروبار کو بڑھانے کی غرض سے یہ انوکھا اور منفرد طریقہ تلاش کیا ہے۔
اس منفرد سہولت میں سیاح آرام سے سماجی فاصلے اختیار کرتے ہوئے کھانے اور اردگرد کے ماحول سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
صدر ٹرمپ کی ڈاکٹر فاؤچی پر تنقید
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ عوام ڈاکٹر انتھونی فاؤچی اور ان دیگر بیوقوفوں کو سن سن کر تھک چکے ہیں۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر انتھونی فاؤچی امریکہ کے اعلیٰ ماہرین طب میں شامل ہیں جب کہ وہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف الرجی اینڈ انفیکشن ڈیزیز کے سربراہ ہیں۔ وہ کرونا وائرس کے حوالے سے بنائی گئی ٹاسک فورس میں بھی شامل ہیں۔
صدارتی انتخاب کی مہم کے ارکان سے گفتگو میں ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کے حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ وہ جب بھی ٹیلی ویژن پر آتے ہیں تو کوئی دھماکہ ہی ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بھی ایک بڑا دھماکہ ہوگا کہ اگر ان کو فارغ کر دیا جائے۔
انہوں نے ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کو تباہی قرار دیا۔
وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 11 لاکھ 24 ہزار سے متجاوز
دنیا بھر میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 11 لاکھ 24 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
امریکہ کی 'جان ہاپکنز یونیورسٹی' کے اعداد و شمار کے مطابق سب سے امریکہ میں 2 لاکھ 21 ہزار اموات ہو چکی ہیں۔ امریکہ کے بعد زیادہ اموات برازیل میں ہوئی ہیں جہاں حکام نے لگ بھگ ایک لاکھ 55 ہزار ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اموات کی شرح میں بھارت تیسرے نمبر پر ہے جہاں وبا سے ایک لاکھ 16 ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
دیگر ممالک میں میکسیکو میں 87 ہزار، برطانیہ میں 44 ہزار، اٹلی میں ساڑھے 36 ہزار، اسپین میں 34 ہزار، فرانس میں 34 ہزار، ایران میں 31 ہزار جب کہ کمبوڈیا میں 29 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
'جان ہاپکنز یونیورسٹی' کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں وبا سے متاثر افراد کی تعداد چار کروڑ سات ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
سب سے زیادہ متاثرہ افراد امریکہ میں 82 لاکھ 74 ہزار ہیں۔ اس کے بعد بھارت میں 76 لاکھ 51 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ برازیل میں متاثرہ افراد کی تعداد 52 لاکھ 73 ہزار ہے۔