کرونا بحران: کاروبار تو کھل گیا لیکن مشکلات برقرار
پاکستان میں کرونا وائرس لاک ڈاؤن کے بعد کاروباری سرگرمیاں بحال ہوئے تقریباً دوسرا مہینہ ہے۔ لیکن اب بھی بہت سے لوگ اپنے پاؤں پر کھڑے نہیں ہو پا رہے۔ معیشت کے اعداد و شمار جو کہانی بتا رہے ہیں وہ اصل زندگی میں کیسے نظر آ رہی ہے؟ دیکھیے لاہور سے ثمن خان کی اس رپورٹ میں۔
پاکستان میں کیسز میں اضافہ، مزید 700 سے زیادہ کیسز رپورٹ
یورپ میں 10 روز کے دوران کیسز کی تعداد میں دو گنا اضافہ
یورپ میں 10 روز کے دوران کرونا وائرس کیسز کی تعداد دو گنا ہو گئی ہے جس کے بعد جمعرات کو ایک روز کے دوران پہلی مرتبہ دو لاکھ کیسز کا ہندسہ عبور کر گیا ہے۔
یورپ میں پہلی مرتبہ 12 اکتوبر کو کرونا وائرس کے ایک لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ متعدد جنوبی یورپین ممالک میں رواں ہفتے ایک روز میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
جمعرات کو اٹلی، آسٹریا، کروشیا، سلوینیا اور بوسنیا میں ایک دن کے دوران سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے۔
مغربی یورپ کے ملک فرانس میں یومیہ اوسطاً 25 ہزار 480 کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ نیدرلینڈز میں 24 گھنٹوں کے دوران نو ہزار سے زائد افراد کے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کی اطلاع ہے۔
جرمنی میں 10 ہزار یومیہ کیسز سامنے آرہے ہیں جب کہ اس نے سوئٹزر لینڈ، آئرلینڈ، پولینڈ، آسٹریا اور روم کے لیے سفری پابندیوں میں توسیع کر دی ہے۔
یورپ میں مجموعی طور پر اب تک کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 78 لاکھ ہو گئی ہے جب کہ تقریباً دو لاکھ 47 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
بھارت میں 54 ہزار سے زیادہ نئے کیسز رپورٹ
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 54 ہزار 366 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد کیسز کی کُل تعداد 77 لاکھ 60 ہزار ہوگئی ہے۔
متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے بھارت، امریکہ کے بعد کرونا سے متاثرہ ملکوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔ امریکہ میں اب تک 83 لاکھ افراد کرونا وائرس سے متاثر ہیں۔
بھارت میں مرنے والوں کی تعداد نسبتاً کم ہوتی جارہی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا کے 690 مریض ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد اموات کی کُل تعداد ایک لاکھ 17 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔