پاکستان میں مسلسل پانچویں روز 10 سے زائد اموات
پاکستان میں کرونا وائرس سے مسلسل پانچویں روز 10 سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 12 افراد وبا سے ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 6727 ہو گئی ہیں۔
واضح رہے کہ جمعرات کو وبا سے 13، بدھ کو 10، منگل کو 19، اور پیر کو 14 اموات کی تصدیق کی گئی تھی۔
حکومت مسلسل زور دے رہی ہے کہ ملک میں ایک بار پھر کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ایسے میں شہری احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔
وبا میں خود کشی کے رحجان کو کم کرنے کے لیے نوجوان کی رضاکارانہ آن لائن کونسلنگ
جاپان میں کم عمر افراد میں خود کشی کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ ایسے میں ایک 21 سالہ نوجوان کوکی اوزورا نے آن لائن ٹیکسٹ میسج کے ذریعے کونسلنگ شروع کی ہے۔
کوکی اوزورا خود بھی تنہا بڑے ہوئے ہیں جس کے باعث وہ بھی اداسی کا شکار رہتے تھے۔
انہوں نے آن لائن ٹیکسٹ میسج کونسلنگ کے لیے ایک تنظیم 'پلیس فار یو' بھی قائم کی ہے جو مکمل طور پر رضاکاروں کے ذریعے چلائی جاتی ہے۔ یہاں 24 گھنٹے ٹیکسٹ میسج کی رضاکارانہ سروس ایسے لوگوں کو دی جاتی ہے جو ہمدردی کے دو بول سننا چاہتے ہیں۔ بعض لوگ بس سوالوں کے جواب کے منتظر ہوتے ہیں۔
اس آن لائن سروس کے رضاکاروں میں اضافہ ہو رہا ہے جو اب بڑھ کر 50 سے زائد ہو چکے ہیں۔ ان میں بہت سے بیرونِ ملک بھی ہیں اور مختلف اوقاتِ کار میں کام کرتے ہیں۔ کئی رضاکار باہر بیٹھ کر جاپان کے رات 10 سے صبح تک کام کرتے ہیں جب خود کشی سے بچانے کی ضرورت سب سے زیادہ ہوتی ہے۔
کرونا بحران کے امریکی معیشت پر اثرات
کرونا وبا نے امریکہ کی معیشت کو بھی خاصا نقصان پہنچایا ہے۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری افراد کی اکثریت اب بھی پریشان ہے۔ لیکن امریکہ کے فیڈرل ریزرو کی رپورٹ کے مطابق اپریل سے جون کی سہ ماہی کے دوران امریکیوں کی مجموعی دولت میں سات فی صد اضافہ ہوا ہے۔ تفصیلات اسد اللہ خالد کی اس رپورٹ میں۔
بھارت: مفت کرونا ویکسین دینے کے بی جے پی کے انتخابی وعدے پر تنازع
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے بہار میں ہونے والے ریاستی اسمبلی کے انتخابات کے دوران اپنا منشور جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اگر وہ برسرِ اقتدار آتی ہے تو بہار میں شہریوں کو مفت کرونا ویکسین دی جائے گی۔ بی جے پی کے اس اعلان پر ایک بڑا تنازع پیدا ہو گیا ہے۔
حزبِ اختلاف اس اعلان کی شدید مذمت کر رہی ہے۔ اور الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ بی جے پی نے کرونا وائرس کو بھی سیاست زدہ کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ بی جے پی کے انتخابی منشور کا پہلا وعدہ یہی ہے۔ حزبِ اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے مخالفت کے بعد بی جے پی دفاعی پوزیشن میں آ گئی ہے۔
وزیرِ مالیات نرملا سیتا رمن نے پٹنہ میں انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوں ہی کرونا ویکسین تیار ہو جائے گی، بہار کے ہر شہری کو مفت ٹیکہ لگایا جائے گا۔
بی جے پی کے اس اعلان پر کانگریس، راشٹریہ جنتا دل، عام آدمی پارٹی، نیشنل کانفرنس، سماج وادی پارٹی سمیت حزبِ اختلاف کی متعدد جماعتوں نے شدید ردِ عمل ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ وبا کے لیے تیار کی جانے والی ویکسین کو بھی ایک سیاسی ایجنڈہ بنا دیا گیا ہے۔