کرونا بحران میں لوگوں کو قریب لانے والا 'چاک آرٹ'
کرونا بحران نے جہاں کچھ لوگوں کو اپنے پیاروں سے دور کیا ہے تو وہیں کچھ لوگوں کو اپنے خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کا موقع بھی دیا ہے۔ کرونا وائرس کی وبا نے 11 سالہ انوشکا شرما اور ان کی والدہ کو ایک دوسرے کے مزید قریب کردیا ہے۔ کیسے؟ جانتے ہیں عمران جدون کی رپورٹ میں۔
پاکستان میں مسلسل تیسرے روز مصدقہ کیسز میں اضافہ، مزید 14 اموات
پاکستان میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز میں مسلسل تیسرے روز اضافہ ہوا ہے۔ جب کہ مزید 14 اموات بھی ہوئی ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 825 افراد وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز 773 جب کہ اس سے قبل 707 کیسز سامنے آئے تھے۔
حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں مزید 14 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد کرونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 6759 ہو گئی ہیں۔
واضح رہے کہ ملک بھر ساڑھے 11 ہزار افراد زیرِ علاج ہیں۔ زیرِ علاج افراد میں سے 611 انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 29 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد ٹیسٹ کی مجموعی تعداد 43 لاکھ 47 ہزار ہو گئی ہے۔
امریکی انتخابات: کرونا وبا کے انتخابی مہم پر اثرات
امریکہ میں صدارتی انتخابات کی مہم پر بھی کرونا وائرس کا موضوع حاوی ہے اور دیگر مسائل ثانوی حیثیت اختیار کر گئے ہیں۔ کرونا وائرس نے امریکہ کی سیاست پر کیا اثر ڈالا ہے؟ جانیے وائس آف امریکہ کی کیرولین پرسوٹی سے ارم عباسی کی گفتگو میں۔
فرانس میں کرونا وائرس سے مزید 523 افراد ہلاک
فرانس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید 523 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ 22 اپریل کے بعد ایک روز کے دوران ہلاک ہونے والوں کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔
ہلاک ہونے والوں میں ریٹائرمنٹ ہومز میں موجود 235 کی اموات بھی شامل ہیں۔
فرانس کی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس سے مزید 33 ہزار 417 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پیر کو 26 ہزار 711 اور اتوار کو 52 ہزار 10 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
امریکہ کی 'جان ہاپکنز یونیورسٹی' کے اعداد و شمار کے مطابق فرانس میں کرونا وائرس کے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 44 ہزار 242 ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ منگل کو 20 ہزار 468 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے جب کہ اس ہفتے منگل کو سامنے آنے والے کیسز کی تعداد گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 60 فی صد زیادہ ہیں۔